نظرانداز کرکے مرکزی مواد پر جائیں

ایک داعی سے مکالمہ


[میں نے فیس بک پر جولائی ۲۰۱۲ عیسوی میں ’’دعوتی نقطہ نظر کی خامیاں‘‘ کے عنوان سے ایک نوٹ لکھا تھا۔ درج ذیل تحریر میرے اسی نوٹ پر جناب سید سعادت اللہ حسینی صاحب کے ایک تبصرے کا تفصیلی جواب ہے جو اسی زمانے میں لکھی گئی۔]

محترم سید سعادت اللہ حسینی صاحب
آپ نے لکھا ہے:
’’طارق صدیقی صاحب کو دوستانہ مشورہ یہ ہے کہ وہ فیس بک پر اس قدر طویل اقتباسات کی تحریر میں وقت ضائع کرنے کی بجائے کچھ بنیادی کتابوں کے مطالعہ پر توجہ دین تو حقیقت کی تلاش آسان ہوگی۔ آپ کے نوٹ اس بات کی چغلی کررہے ہیں کہ آپ نے اسلامی متکلمین کی بنیادی کتابیں بھی نہیں پڑھی ہیں اور نہ فلسفہ اور منطق کی بہت ہی بنیادی درسی کتابیں بھی پڑھ پائے ہیں۔‘‘
یہ طویل اقتباسات نہیں طویل تبصرے ہیں۔ طوالت یا اختصار سے وقت ضائع نہیں ہوتا۔ مختصر تحریریں بھی تضیع اوقات ہو سکتی ہیں اگر ان سے کسی کو فائدہ نہ ہو رہا ہو۔ خود آپ کا تبصرہ بھی فیس بک کے عام تبصروں سے زیادہ طویل ہے۔
رہی بات فیس بک پر لکھنے کی تو آپ خود اپنی تقریروں میں فرماتے ہیں کہ انٹرنیٹ نے بے آوازوں کو آواز دی ہے، سو مجھے بھی ایسا ہی ایک بے آواز شخص سمجھ لیجیے۔ میری تحریریں تحریک اسلامی کے معیاری علمی تحقیقی رسائل و جرائد میں یا اس کے معیاری اداروں سے شائع نہیں ہو سکتی ہیں۔ فی زمانہ معیاری وہ ہے جو تحریکوں اور جماعتوں کی پالیسی و پروگرام کی رو سے وجود میں آتا ہے اور گروہی و تنظیمی اغراض و مقاصد کو پورا کرتا ہے۔ اس کے خلاف جو کچھ ہے وہ غیرمعیاری، غیرعلمی اورغیرفکری اور تضیع اوقات محض ہے۔ اس کو لائق اعتنا کیسے سمجھا جا سکتا ہے اور کیسے اس کو دعوت اور زندگی نو میں شائع کیا جا سکتا ہے؟
میں شروع ہی سے یہ ثابت کرتا آ رہا ہوں کہ داعی حضرات اپنی غلطی محسوس کر ہی نہیں سکتے۔ وہ بحث کے درمیان خود کو ایک بلند مقام پر فائز سمجھتے ہی رہیں گے۔ پھر وہ مدعو سے کیسے کچھ سیکھ سکتے ہیں؟وہ تو اس کو سکھاتے ہی رہیں گے۔ آپ نے بھی اپنے اس تبصرے میں پہلے ہی یہ فرض کر لیا کہ میں وقت ضائع کر رہا ہوں اور آپ مجھے ایک نصیحت فرما کر اپنے وقت کا صحیح استعمال کر رہے ہیں۔
بنیادی کتابوں کے مطالعے کا جو مشورہ آپ نے دیا ہے اس کی حقیقی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ میرے قائم کردہ سوالات کا کوئی موثر جواب پیش کرنا شاید ممکن نہیں ہے۔ ورنہ دعوتی نقطہ نظر پر جو عقلی اعتراضات میں نے پیش کیے ہیں اور اس سلسلے میں جو مثالیں سامنے رکھی ہیں، ان کے جواب میں مجھے بنیادی کتابوں کے مطالعے کا مشورہ ایک ’’بلند تر علمی سطح سے‘‘ دینے کا اور کیا جوازہو سکتا ہے؟ دعوتی تحریکی نقطہ ٔ نظر سے گفتگو فرمانے والے حضرات کے ساتھ یہ مسئلہ خاص ہے کہ وہ مخاطب کے سوالوں کا جواب دینے کے بجائے اس کی جنرل نالج پر سوال قائم کیا کرتے ہیں، تاکہ اس کی علمی پوزیشن کو کمزور کر دیا جائے۔
آپ کو خدا معلوم کس نے یہ بتایا کہ بنیادی درسی کتابیں پڑھنا فلسفیانہ عمل کے لیے ضروری ہے اور نہ پڑھے تو یہ ایک غلطی ہے۔ اگر ایک شخص اپنے پیش نظر کسی فلسفیانہ مسئلے میں اپنی کوئی رائے پیش کر رہا ہو، اور اس کی بحث میں الفاظ قطعی اور واضح معنوں میں استعمال ہو رہے ہوں، اور ان سے منطقی نتائج بھی برامد ہو رہے ہوں، پھر اس کو یہ کہنا کہ تم نے درسی کتابیں نہیں پڑھی ہیں، پہلے ان کو پڑھ کر آو پھر بات کرنا، ایک غلط مطالبہ ہے اور اس کے اٹھائے ہوئے سوالوں سے گریز کا حیلہ ہے۔ آپ کو معلوم ہو کہ فلسفہ کا کوئی ایک طریقہ نہیں ہے اور اس کی کوئی Predeterminedشرط نہیں ہے۔ ایک فلسفی اپنے فلسفہ کا طریقہ، اس کی شرطیں اور اس کی لفظیات و اصطلاحات خود ہی متعین کرتا ہے، اور اس کو مجبور نہیں کیا جا سکتا کہ وہ سابقہ کتابوں سے بھی استفادہ کرے۔ البتہ اپنے فلسفہ کے خاطرخواہ اظہار کے لیے زبان و بیان پر قدرت حاصل ہونا ضروری ہے۔ لیکن یہ فلسفیانہ عمل کی شرط نہیں ہے۔
آپ کے اس دوستانہ مشورے سے کہ ’’میں کچھ بنیادی کتابوں کا مطالعہ کروں تو حقیقت کی تلاش آسان ہو جائے گی‘‘ یہ اندازہ ہوتا ہے کہ آپ ان بنیادی فلسفیانہ کتابوں کو پڑھ کر ’تلاش حقیقت‘ کے مرحلے سے گزر کر ’حقیقت یاب‘ ہو چکے ہیں، یا ہو رہے ہیں ورنہ یہ مشورہ مجھے کیوں دیتے؟ اور چونکہ حقیقت آپ کو مل چکی ہے، یا مل رہی ہے، اس لیے مجھ سے بحث فرماتے وقت آپ حقیقت کی تلاش میں نہیں ہو سکتے۔ اس طرح میری وہ بات آپ کے ہی اس ’دوستانہ مشورے ‘سے ثابت ہو گئی کہ ایک داعی کسی خاص موضوع پر خود کو حقیقت یافتہ سمجھتا ہے اور مدعو کو حقیقت سے بے بہرہ۔ کیونکہ وہ ایسا مشورہ دیتا ہے جس سے اس کی افضلیت کی بو آتی ہے۔ جیسے آپ نے فرمایا کہ فلاں کتابیں پڑھو جن کی مدد سے تم پر حقیقت کی تلاش آسان ہو جائے گی۔ آپ اپنی جگہ غالباً یہ سمجھتے ہیں کہ میرے اندر جو فکری ضلالت راہ پا گئی ہے وہ متکلمین کی ’بنیادی کتابیں‘ پڑھنے کے بعد دور ہو جائے گی۔ گویا آپ نے میرے لیے ایک دوا تجویز کی حالانکہ میرے علم کی حد تک آپ کو خود کبھی وہ فکری مرض نہیں رہا جس میں میں مبتلا ہو گیا ہوں۔ اور اگر آپ کبھی اس دور سے گزرے ہیں جس سے میں گزر رہا ہوں، اور متکلمین کی کتابیں پڑھنے کے بعد آپ کو شفا ہو چکی ہے تو آپ کا یہ سمجھنا کہ آپ کی طرح ہی مجھے بھی ان کتابوں سے فائدہ ہوگا، غلط ہو سکتا ہے۔ کیونکہ اس کا بھی امکان ہے کہ میں آپ سے زیادہ گہرے فکری مرض میں مبتلا ہوؤں۔ اور جس دوا نے آپ کے مرض میں کام کیا، کوئی ضروری نہیں ہے کہ وہی دوا مجھ پر بھی اثر کرے۔
اگر آپ کو میرے لیے حقیقت کی تلاش آسان کرنی تھی تو اس کا طریقہ یہ تھا کہ آپ خود ایسے دلائل دیتے جن سے حقیقت سامنے آ جاتی۔ اب اگر میں اس ’’کتابی‘‘ مشورے کے جواب میں یہ عرض کروں کہ آپ کے اس تبصرے سے پتہ چلتا ہے کہ آپ نے جدید ملاحدہ کی کتابیں نہیں پڑھیں، تو آپ اس کا کیا جواب دے سکتے ہیں؟ جب آپ ملاحدہ کی کتابوں کو پڑھیں گے تو معلوم ہوگا کہ ماضی کے متکلمین کی پوزیشن کتنی کمزور ہے اور کس طرح جگہ جگہ ان کی ہزیمت ہوتی نظر آتی ہے۔ پس، آپ مجھے چند ’’بنیادی‘‘ کتابوں کو پڑھنے کا مشورہ دیں، اور میں بھی آپ کو ایسا ہی ایک گول مول ’’بنیادی‘‘ مشورہ دوں، اس طرح تو کوئی بحث آگے نہیں بڑھ سکتی۔ ہماری بحث تبھی آگے بڑھ سکتی ہے جب واضح اور قطعی معنوں میں یہ بتایا جائے کہ موضوعاتِ زیر بحث (مثلاً دعوتی نقطہ نظر کی خامیاں، جہنم کی واقعیت) میں عہد وسطٰی کے ملاحدہ نے کیا اعتراض کیا اور اس دور کے متکلمین نے اس کا کیا جواب پیش کیا اور ان دونوں گروہوں سے کیا فکری غلطیاں ہوئیں اور کون کس اعتبار سے کس پر غالب ہے۔ پھر یہ دیکھا جائے گا کہ دور جدید میں ملاحدہ و متفرنجین ومتشککین (بشرطیکہ ملحد یا کافر کی گالی ان پر راست آتی ہو) کے اعتراضات کی نوعیت کیا ہے اور عہد وسطٰی کے متکلمین کے کارناموں میں ان جدید اعتراضات کا جواب موجود ہے یا نہیں۔ پھر یہ بھی دیکھا جائے گا کہ میں نے جو عقلی اعتراضات پیش کیے ہیں ان کا کوئی جواب سابقہ متکلمین (قدیم و جدید) میں پایا جاتا ہے یا نہیں۔ اگر پایا جاتا ہے تو پھر یہ دیکھا جائے گا کہ وہ کتنے صحیح اور غلط ہیں۔ یہ ہے کسی بحث کا صحیح طریقہ جس سے آپ کام نہیں لینا چاہتے۔ آپ ایک گول مول مشورہ دے کر کہ ’تمہیں متکلمین کی بنیادی کتابیں پڑھنی چاہئیں‘ اپنا دعوتی فرض ادا کر دینا چاہتے ہیں۔ لیکن یہ دعوت کا صحیح طریقہ نہیں ہے۔
آپ کا دعویٰ یہی ہے نہ کہ فلسفہ کی بنیادی کتابوں سے، یا اسلامی فلاسفہ و متکلمین کے کارناموں سے آپ واقف ہیں اور میں واقف نہیں، آپ ان کو پڑھ چکے ہیں،یا پڑھ رہے ہیں اور میں نے ان کو نہیں پڑھا۔ آپ کے اس دوستانہ مشورے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اس موضوع پر مجھ سے زیادہ پڑھے ہونے یا زیادہ باخبر ہونے، اور اس وجہ سے ایک بلند تر علمی سطح پر فائز ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ آپ کے اس دعوے کی تردید یا تصدیق کرنا اس پوری بحث کے دائرے سے باہر ایک بات ہے کہ آپ فی الواقع نہیں جانتے کہ میں نے اب تک اپنی پوری زندگی میں کتنی تعداد میں، اور کن موضوعات پر کتابیں پڑھی ہیں، اور میرے غور و فکر کے خاص میدان کیا ہیں۔
اگر آپ نے اسلامی متکلمین کی کتابیں پڑھی ہیں اور آپ کو ایسا لگتا ہے کہ میری فکری گمراہی کا علاج اس میں موجود ہے تو متکلمین کی چند بنیادی کتابوں کا نسخہ تو کم از کم تجویز کر دیتے۔ لیکن آپ یہ نہ کر سکے۔ اس لیے آپ کی یہ بات ازقسم دعوت نہیں۔ یہ غالباً آپ نے محض میری تحقیر و تضحیک کے لیے لکھ دی ہے۔ ورنہ میرے مطالعے پر بلادلیل سوال اٹھانے کا اور کیا مطلب ہو سکتا ہے؟ اور یہ غلطی ایک داعی سے تب ہوتی ہے جب وہ منقولات پر معقولات کے مطالبے سے لاجواب ہو جاتا ہے۔
’’ آپ کے نوٹ اس بات کی چغلی کررہے ہیں کہ آپ نے اسلامی متکلمین کی بنیادی کتابیں بھی نہیں پڑھی ہیں اور نہ فلسفہ اور منطق کی بہت ہی بنیادی درسی کتابیں بھی پڑھ پائے ہیں۔‘‘
’’چغلی کرنا‘‘ نہیں، ’’چغلی کھانا‘‘ بامحاورہ ہے۔ آپ کا مدعا یہ ہے کہ میں نے اسلامی متکلمین کی بنیادی کتابیں نہ پڑھ کر غلطی کی ہے۔ حالانکہ یہ کوئی غلطی نہیں۔ ایک عام پڑھا لکھا ہندویا عیسائی بھی اگراسلام کا مطالعہ کرے گا تو اس کو قرآن میں آیت صاف نظر آئے گی کہ شوہر اپنی بیوی کو مارنے کا اختیار رکھتا ہے۔ بخاری میں ’’صحیح‘‘ حدیث وہ پڑھے گا کہ ۹۹۹ فی ہزار لوگ جہنم میں جائیں گے۔ جب آپ اسی ہندو یا عیسائی کو دعوت دینے جائیں گے تو کیا وہ یہ نہ پوچھے گا کہ اللہ تعالٰی نے کیا انسانوں کی اس قدر کثیر آبادی کو جہنم میں بھیجنے کے لیے ہی پیدا کیا ہے؟ اور کیا آپ اس سے یہی فرمائیں گے کہ چونکہ تم نے اسلامی متکلمین کی کتابیں نہیں پڑھی ہیں اس لیے تم کو ایسے ’’اشکال‘‘ ہو رہے ہیں؟ گویا اب قرآن و حدیث کے ساتھ ساتھ رازی اور غزالی کی کتابیں پڑھنا بھی اس کے لیے لازم قرار پایا؟ نہ پڑھے تو اس سے غلطی ہوئی جس کی بنا پر اس کا اعتراض ہی سرے سے غلط ہو گیا! یہی نہیں، عقل عام کے لیے کچھ بولنے سے پہلے فلسفہ اور منطق کی بہت ہی بنیادی درسی کتابیں پڑھنا بھی ضروری ہو جائے؟
ایسے صاف مسائل میں اسلامی متکلمین آ کر کیا معجزہ دکھا دیں گے کہ آپ ان کو نہ پڑھنے کو غلطی قرار دے رہے ہیں۔ میرے نوٹ تو اسی بات کی چغلی ’’کر‘‘ رہے ہیں نہ کہ اسلامی متکلمین اپنی بنیادی کتابوں میں ایسے سوالات کا کافی و شافی جواب پہلے ہی دے چکے ہیں اور ان کتابوں کو نہ پڑھ کر میں نے غلطی کی ہے۔ اگر میں نے انہیں پڑھا ہوتا تو ایسے ’’عجیب یا پی کیولیر‘‘ نوٹس لکھ ہی نہ سکتا۔
آپ مجھے ناخواندہ قرار دینے پر کیوں آمادہ ہیں؟ جو سوال میں نے کیا ہے اس کا جواب پیش فرمائیے، اگر کسی اسلامی متکلم نے ان سوالوں سے تعرض کیا ہے تو اس کی متعلقہ کتاب کا حوالہ دے دیجیے۔ میں اس کو ڈھونڈ کر پڑھ لوں گا۔ مجھے تو یہ شک ہو رہا ہے کہ آپ نے خود ہی علم کلام کا مطالعہ نہیں کیا ہے۔ یہی نہیں، آپ قرآن و سنت سے بھی ایسے اشکالات کے حل کے لیے کوئی مقابلے کی دلیل، آیت یا حدیث پیش نہ کر سکے۔ حالانکہ آج انٹرنیٹ پر انگریزی بلکہ اردو میں بھی اسلامی فلاسفہ و متکلمین کی بے شمار کتابیں موجود ہیں۔ عربی اردو کی تفسیر و حدیث کے ذخائرتو بہ آسانی دستیاب ہیں ہی۔
آپ کو معلوم ہو کہ میں متکلمین کےاستدلالات اور ان کے کارنامے کا معمولی علم ضرور رکھتا ہوں (سب کچھ پڑھنا نہ ممکن ہے اور نہ ضروری ہے)، اور اس موضوع پر میں نے شاید آپ سے زیادہ پڑھا ہو(میرے اس شاید والے دعوے کی دلیل آگے آ رہی ہے)۔ مجھے معلوم ہے کہ قدیم و جدید متکلمین اسلام نے اپنی’بنیادی‘کتابوں میں کیا لکھا ہے۔ علم کلام کی غرض و غایت ’’دینی عقائد کا عقلی اثبات‘‘ ہی تو ہے۔ اور میں سمجھتا ہوں دور جدید میں علم کلام صرف عقائد دینیہ کے اثبات عقلی تک ہی محدود نہیں بلکہ اس کا دائرہ کار احکام دینیہ کے اثبات عقلی تک بھی وسیع ہو گیا ہے۔ چنانچہ آپ مولانا مودودی کی کتابوں میں دیکھتے ہیں کہ عقائد دینیہ کے علاوہ احکام و قوانین الٰہیہ کا عقلی اثبات بھی انہوں نے فرمایا ہے۔ موجودہ دور میں کوئی متکلم یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ عقائد و احکام دینیہ کے اثبات عقلی کا مکلف نہیں ہے۔ لیکن آپ یہ فرماتے ہیں کہ اگرتم قرآن کو اللہ کی کتاب مانتے ہو تو اب اس کی ہر بات پر آزادانہ عقلی دلیل طلب کرنا غیرمنطقی ہے۔
آپ نے اپنے اس تبصرے میں بات کرنے کا جو طریقہ اپنایا ہے وہ آپ کا اپنا نہیں بلکہ مولانا مودودی کا ہے (دلیل آگے آ رہی ہے)۔ لیکن آپ کو معلوم ہو کہ مولانا مودودی بھی عقائد و احکام دینیہ کے اثبات کے لیے عقلی دلائل فراہم کرنے سے انکار نہیں کرتے۔ وہ اس کی کچھ شرطیں عائد کرتے ہیں۔ مثلاً یہ کہ پہلے اسلام کے دائرے سے باہر کھڑے ہو جاو، یا اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے طالب علمانہ طور پر اپنے اشکالات رکھو۔ مولانا مودودی کے نزدیک ان دونوں میں سے ایک پوزیشن اپنانے کے بعد ہی ایک شخص اس لائق ہوسکتا ہے کہ اس کی طلب حجت کا جواب دیا جائے (تنقیحات)۔ لیکن علم کلام کی رو سے یہ ایک غلط مطالبہ ہے کیونکہ علم کلام تو ہے ہی اس لیے کہ عقائد دینیہ و احکام شرعیہ کی عقلی توجیہ کرے اور اعتراضات و شبہات کو رفع کرے، خواہ مخاطب کی فکری پوزیشن بظاہر کتنی ہی غلط یا غیرمنطقی نظر آتی ہو، خواہ وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم۔۔۔۔
آپ نے آگے لکھا ہے:
’’یہ نہایت مضحکہ خیز بات ہے کہ آپ کسی بات کو تسلیم کریں اور اس کے لازمی منطقی نتائج کو بھی آزادانہ دلائل کی کسوٹی پر جانچنے کی کوشش کریں۔ اس طرح نہ علم و تحقیق کی گاڑی ایک قدم چل سکتی ہے اور نہ عام زندگی کی گاڑی ۔ آپ دواخانہ گئے تھے۔ کیاآپ نے ہر دوا کے اثر کی آزادانہ جانچ عقل کی کسوٹی پر کی؟ ظاہر ہےکہ نہیں کی۔ آپ میڈیکل سائنس پر ایمان لے آئے، ڈاکٹر کے علم پر بھروسہ کیا اور اس ایمان کا تقاضہ ہے کہ آپ دوا کو بلا چوں و چرا قبول کریں۔
اسی طرح عقل کی بنیاد پرآپ خدا کو ماننے سے انکار کردیں یا خدا کی کتاب کو ماننے سے انکار کریں، تو یہ بات تو کسی درجہ میں سمجھ میں آسکتی ہے۔ لیکن اگر آپ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ قرآن رب العالمیں کی کتاب ہے تو اب اس کا منطقی تقاضہ ہے کہ اس کی ہر بات کو آپ قبول کریں۔ قرآن کو رب العالمیں کی کتاب ماننا اور پھر اس کی باتوں کو دوبارہ عقل کی کسوٹی پر پرکھنے کی کوشش کرنا ایک بالکل غیر منطقی، غیر سائنٹفک اور غیر معقول رویہ ہے اور ایسے رویہ کا صدور کسی ایسے شخص سے ہی ہوسکتا ہے جو منطق ، فلسفہ، ریاضی اور علمی طریقوں کی الف بے سے بھی واقف نہیں ہے۔

اگر آپ کے بقول میں کسی بات کو تسلیم کر رہا ہوں اور اس کے لازمی منطقی نتائج کو بھی آزادانہ دلائل کی کسوٹی پر جانچنے کی کوشش کر رہا ہوں، تو یہ بات غیر منطقی تو ہو سکتی ہے لیکن ’’مضحکہ خیز‘‘ نہیں۔ اگر میں واقعی غیر منطقی ہو گیا ہوں تو اس کو غیر منطقی کہنے سے آگے بڑھ کر ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دینے کا مفہوم اس کے سوا کیا ہو سکتا ہے کہ اب آپ ہنس رہے ہیں کہ دیکھو کیسا آدمی ہے اتنی سی بات بھی نہیں سمجھتا۔ آخر یہ کیسا دعوتی نقطہ ٔ نظر ہے کہ آپ ایک شخص کی غیر منطقیت پر ہنستے ہیں؟ دعوت میں تو مخاطب کا دردمندی سے علاج کیا جاتا ہے۔ میری ممکنہ غیرمنطقیت کو غیر منطقی کہنے کی عقلی و اخلاقی حد سے تجاوز کرنا اور اس کو مضحکہ خیز لکھنا اپنی ہی دعوت کی جڑ کاٹنا ہے۔
آپ فرماتے ہیں کہ اگر میں قرآن کو اللہ کی کتاب مانتا ہوں تو اس کی ہر بات کو قبول کیوں نہیں کرتا؟ آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ میں قرآن ہی نہیں سنت کی بھی ہر بات کو تسلیم کرتا ہوں۔ یہ اور بات ہے کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ قرآن و سنت میں متعدد احکام و عقائد ایسے ہیں جو اسی دور کے لیے مخصوص ہیں جس میں قرآن نازل ہوا۔ اب وہ صورت حال ختم ہو گئی تو ظاہر ہے ان احکام و عقائد کی ضرورت بھی ختم ہو گئی۔ اور اس حقیقت کا علم ہوتا ہے تعقل و تدبر اور حالاتِ موجودہ کے مطالعے ومشاہدے سے۔ اور داعیان دین کو ان چیزوں سے اللہ واسطے کا بیر ہے۔ آپ اپنے پورے تبصرے میں اس بات کی عقلی توجیہ نہیں کر سکے کہ دنیا کے محدود گناہوں کے لیے آخرت کی لامحدود سزا کس طرح قرین انصاف کہی جا سکتی ہے؟ آپ یہ بھی نہیں بتا سکے کہ بخاری کے مطابق ۹۹۹فی ہزار لوگ صرف اسلامی عقائد کو تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے جہنم میں جا رہے ہیں تو آخر اللہ تعالٰی کو نوع انسانی کی ایسی ظالمانہ آزمائش کرنے کی ضرورت ہی کیا تھی؟ اتنی کثیر تعداد میں لوگوں کو ابدی جہنم میں بھیجنے والا خدا آخر کس طرح ارحم الرحمین کہا جا سکتا ہے؟ آپ کہتے ہیں کہ ایسی تمام باتوں یا منقولات کو آنکھ بند کر کے مان لو! کیا ایک داعی عقل سے بالکل کام نہیں لیتا؟ یا ایمان لانے کے بعد اس کی عقل بالکل خبط ہو جاتی ہے؟ کیا اس کے ذہن میں ایسے سوالات نہیں اٹھتے؟ اور کیا وہ ایسے بعید از عقل اعتقادات کو کڑوی دوا کی طرح ہی ہضم کرتا رہتا ہے؟اگر میرے ان اعتراضات کا کوئی جواب ہوتا تو آپ اب تک دے چکے ہوتے۔ تعدد ازدواج اور اسلامی پرسنل لا کے حق میں تحریکی داعی کیسے دنادن دلیل پیش فرماتے رہتے ہیں!اس لیے آپ حضرات کے نزدیک عقل وہیں تک ہے جہاں تک آپ سے جواب بن پڑے۔ اور جہاں آپ سے جواب نہ بن پڑے وہاں آپ آنکھ بند کر کے مانتے ہیں۔ اور یہ تسلیم نہیں کرسکتے کہ ہم جواب دینے سے عاجز ہیں۔ اور جو لوگ مذہبی امور میں اپنی عقل کا استعمال کرنا چاہتے ہیں ان سے ان کے ایمان و یقین کی پرسش کرتے ہیں۔ غالباً میر تقی میر نے داعیوں، واعظوں، مفتیوں کے لیے ہی کہا ہے:
میر کے دین و مذہب کو کیا پوچھو ہو تم ان نے تو
قشقا کھینچا، دیر میں بیٹھا، کب کا ترک اسلام کیا!
میں اپنی جگہ ان عقائد و احکام دینیہ پر غور و فکر کرتا ہوں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ ایسے احکام و عقائد اس دور کے ذہنی و نفسیاتی نیز تہذیبی و سماجی حالات کے پیش نظرمن جانب اللہ وجود میں آئے۔ اس کے بغیر نوع انسانی کی اصلاح اس دور میں ممکن نہ تھی۔ اگر یہ توجیہ غلط ہے تو آپ اس کی صحیح توجیہ کر دیں جس پر دور جدید میں انسانی عقل کواطمینان حاصل ہو سکے۔ لیکن چونکہ ایک داعی قرآن و سنت کی ہر بات آنکھ بند کر کے مانتا ہے اور کچھ غور و فکر نہیں کرتا کہ یہ جو میں مان رہا ہوں اس میں کیا استحالہ ٔ عقلی ہے۔ حالانکہ وہ ابتدا میں عقل ہی کی بنا پر اسلام میں داخل ہوا تھا۔ غالباً تحریک اسلامی کا ایک داعی دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی طرح ہی اپنی مذہبی کتاب کو سچ سمجھتا ہے!
لیکن میں چونکہ اسلام کو دنیا کا سب سے زیادہ عقلی مذہب سمجھتا ہوں اور اسی لیے اب تک مسلمان ہوں۔ اگر اسلام کے سوا کوئی اور مذہب میری عقل کو اپیل کرتا تو میں فوراً اس کو قبول کر لیتا۔ اور اگر مجھے یہ یقین حاصل ہو جائے کہ اسلام میں صداقت نہیں پائی جاتی تو میں اعلان کر دوں گا کہ میں نسلی مسلمانوں میں سے ہوں جن کی خاصی بڑی تعداد ساری دنیا میں پائی جاتی ہے۔ آخر ہندوستان میں مجھے کس بات کا ڈر ہے کہ میں ایسا اعلان نہ کر سکوں؟
آپ فرماتے ہیں:

’’اس طرح نہ علم و تحقیق کی گاڑی ایک قدم چل سکتی ہے اور نہ عام زندگی کی گاڑی ۔ آپ دواخانہ گئے تھے۔ کیا ٓآپ نے ہر دوا کے اثر کی آزادانہ جانچ عقل کی کسوٹی پر کی؟ ظاہر ہےکہ نہیں کی۔ آپ میڈیکل سائنس پر ایمان لے آئے، ڈاکٹر کے علم پر بھروسہ کیا اور اس ایمان کا تقاضہ ہے کہ آپ دوا کو بلا چوں و چرا قبول کریں۔‘‘
’’کسی بات کو تسلیم کرنا اور اس کے لازمی منطقی نتائج کو نہ ماننا‘‘ ’’علم و تحقیق کی گاڑی کا نہ چل سکنا‘‘ وغیرہ، یہ مولانا مودودی کا خاص اسٹائل ہے جو انہوں نے تنقیحات نامی اپنے مجموعہ مضامین میں اپنایا ہے۔ آپ کو حیرت ہو گی کہ میں نے مولانا کے ان دلائل کی تردید تین چار سال پہلے رفیق منزل ہی کے کسی شمارے میں کر دی تھی۔ اب آپ نے اسی دلیل کو دہرایا ہے تو میں بھی اپنے انہی دلائل کو دہرا رہا ہوں:
دینی امور میں ایمان لانا اور دنیوی امور میں کسی ماہر کی رائے کو مان لینا بالکل دو مختلف باتیں ہیں۔
ایک ڈاکٹر اگر آپ کو ٹائیفائیڈ کی دوا دیتا ہے تو آپ دوسرے ڈاکٹر کے پاس جا کر یا خود میڈیکل سائنس کی کتابوں کو پڑھ کر اس کی تحقیق کر سکتے ہیں کہ اس نے غلط دوا لکھی ہے یا صحیح۔ یہی حال دوا کی تاثیر کا بھی ہے۔ اس کی تاثیر کی تحقیق بھی آپ لیبوریٹری میں کر سکتے ہیں۔ چونکہ ڈاکٹر بننے کا وقت ہر آدمی کے پاس نہیں ہے، اس لیے ہم ڈاکٹر کی بات کو مانتے ہیں لیکن اگر ڈاکٹر پر ذرا بھی شک ہو کہ اس کی دوا صحیح ہے یا غلط تو ہم اس کی جانچ کسی بھی وقت کر سکتے ہیں اور کرتے ہیں۔ کئی ڈاکٹر تو غلط دوا بھی دے دیتے ہیں اور اس کے نتیجے میں لوگ مر بھی جاتے ہیں۔ بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکٹر نے غلط دوا دے دی، یا غلط آپریشن کر دیا۔ اچھے سے اچھے ڈاکٹر سے بھی غلطی ہو سکتی ہے اور ہو جاتی ہے۔ اس لیے آپ دنیا میں ڈاکٹر سے کہہ سکتے ہیں کہ جو دوائیں آپ تجویز کر رہے ہیں اس کے سلسلے میں آپ براہ مہربانی کچھ فرمائیں۔ پھر ڈاکٹر آپ کو پیتھولاجی لیب کی رپورٹ دکھائے گا کہ آپ کو ٹائیفائیڈ ہو گیا ہے۔ اور ٹائیفائیڈ کے یہ جراثیم اسی دوا سے ختم کیے جا سکتے ہیں جو میں نے آپ کے لیے تجویز کی ہے۔ آپ کو اگر رپورٹ پر یقین نہ ہو تو آپ بچشم خود پیتھولاجی لیب میں جا کر وہ تمام پروسیس دیکھ سکتے ہیں جس میں آپ کے خون کے نمونے کی جانچ کی جاتی ہے۔ آپ میڈیکل سائنس کی کتابوں کا مطالعہ کر سکتے ہیں، آپ مائیکرواسکوپ کے ذریعے ٹائفائیڈ جرثوموں کی تعداد شمار کر سکتے ہیں۔ اور اگر آپ کو یقین نہ آئے کہ ٹائیفائڈ کا مرض خاص اسی جراثیم کی وجہ سے پیدا ہو رہا ہے جو میڈیکل سائنس کی کتابوں میں لکھا ہے تو آپ انسان کے علاوہ کسی جانور میں اس جراثیم کو انجیکٹ کر کے اس کی جانچ کر سکتے ہیں۔ الغرض دنیاوی امور سے متعلق ہر علم کی نوعیت یہ ہوتی ہے کہ اس میں باز تحقیق، یعنی بحث و تمحیث، تجربہ و مشاہدہ کی راہ ہر وقت کھلی رہتی ہے۔
اس کے بالکل برعکس پیغمبر پر جو کچھ نازل ہوتا ہے اس کے تجربہ و مشاہدہ کا کوئی موقع کسی دوسرے شخص کو حاصل نہیں ہو سکتا۔ نہ پیغمبر کی زندگی میں نہ اس کی زندگی کے بعد۔ نہ آپ زمانۂ حال میں خدا تعالٰی سے بات کر سکتے ہیں اور نہ آپ سیکڑوں ہزاروں سال پہلے کی اس دنیا میں جا سکتے ہیں جہاں کسی پیغمبرکا وجود پایا جاتا تھا۔ آپ اس پیغمبر پر خدا کے فرشتے کو نازل ہوتے نہیں دیکھ سکتے اور اگر آپ کو کچھ شک لاحق ہو تو آپ کسی دوسرے مذہب کے رہنما کے پاس نہیں جا سکتے ہیں کہ براہ مہربانی ہمارے پیغمبرپر فرشتوں کا نازل ہونا دکھا دیجیے، یا ہمیں خدا کو دکھا دیجیے۔ آپ کو آنکھ بند کر کے دینی امور میں اس پیغمبر کی بات پر ایمان لانا پڑتا ہے جس پر آپ ایمان لائے ہیں۔ حتی کہ خود اس پیغمبر کی زندگی میں بھی آپ اس سے ایسی کوئی درخواست نہیں کر سکتے کہ ہمیں جبریل کو دکھا دیجیے، ہمیں ملائے اعلیٰ کی سیر کرا دیجیے۔ جس طرح آپ نے طور پر خدا کا جلوہ دیکھا، اسی طرح ہم کو بھی دکھا دیجیے، جس طرح آپ معراج پر گئے، ہم بھی جانا چاہتے ہیں۔ پیغمبر تو پیغمبر، کسی صاحب حال یا ولی اللہ سے بھی اس قسم کی بات کہنا نامناسب بات ہے اور اس سے انہیں رنج پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ ولی اللہ تو اس لیے ہوتے ہیں کہ دینی امور میں آپ کی رہنمائی کریں، آپ کو موت کی سختی سے نجات پانے کا طریقہ سکھائیں، آپ کو اپنے قلب میں ہدایت کا نور بھرنے کی تدابیر بتائیں۔ آپ ولی اللہ سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ آپ پر جو اسرار و حقائق منکشف ہوتے ہیں وہ ہم کو بھی دکھا دیجیے۔ ولی اگر خود مناسب سمجھے گا تو آپ پر اس کی نظرِ کرم ہو جائے گی۔ دین تو بزرگوں کی نظر سے پیدا ہوتا ہے۔ جس دن کسی صاحب حال کی نظر آپ پر پڑ گئی اسی دن آپ کی قلب ماہیئت ہو جائے گی۔ اسی دن آپ کی بصیرت کی آنکھ کھل جائے گی، اور اسی وقت آپ ولی کے قدموں میں گر پڑیں گے کہ یا حضرت، یا مرشد، ہم بہت بڑی غلطی میں ہیں، ہم سخت گناہوں میں مبتلا ہیں۔ ہم پر نفس کا غلبہ ہو گیا ہے۔ قلب آلودہ ہو گیا ہے۔ عالم ناپائیدار سے دل لگ گیا ہے۔ اب ہم کو وہ راہ بتائیے جس پر چل کر ہم پار اتر جائیں۔
الغرض دینی امور کے ماہروں (مثلاً پیغمبر، ولی) اور دنیوی امور کے ماہر (مثلا سائنسداں، ڈاکٹروں) کی باتوں کو تسلیم کرنے میں فرق ہی فرق ہے۔ دینی امور میں آپ حقیقت کو بچشم خود نہیں دیکھ سکتے، اور نہ وہاں دیکھنے کا موقع کسی کو دیا جا سکتا ہے۔ دنیوی امور میں آپ حقیقت کو بچشم خود دیکھ سکتے ہیں، اور وہاں سب کے لیے موقع یکساں طور پر کھلا ہوا کہ جو چاہے آئے، اور اپنی تشفی کر لے۔
اس چیز کو ایک دوسری مثال سے سمجھیں۔ دینی امور کا ماہر جنت کی خبر دیتا ہے۔ لیکن ہم جنت کو نہیں دیکھ سکتے۔ لیکن کولمبس امریکہ کی خبر دیتا ہے اور ہم جا کر دیکھ آتے ہیں کہ امریکہ کوئی جگہ ہے یا نہیں۔ اگر کوئی شخص اتنا متشکک ہو کہ امریکہ فی الواقع کوئی جگہ ہے یا نہیں تو وہ آج بھی جا کر دیکھ سکتا ہے۔ اگر ایک شخص حیاتیاتی خلیہ (بایولوجیکل سیل) پر یقین نہیں رکھتا تو ہم اس کو لیباریٹری میں جا کرالیکٹران مائیکرواسکوپ سے دکھا سکتے ہیں کہ دیکھو یہ رہا حیاتیاتی خلیہ۔ دنیوی امور میں باز تحقیق کا صرف موقع ہی نہیں ہوتا بلکہ اس کی ضرورت بھی اکثر پیش آتی ہے۔ پانی ہائیڈروجن اور آکسیجن سے بنا ہے، بچوں کو اس کا مشاہدہ کرایا جانا بھی ضروری ہے تاکہ ان میں سائنسی حقائق کا ادراک ہو۔ جن سائنسی نظریات و خیالات کی تصدیق کا موقع نہیں ہوتا اس کے متعلق سائنسداں یہ بتا دیتے ہیں کہ ابھی اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، لیکن اس سمت میں جو کام چل رہا ہے، آپ اس کام کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ سائنسداں جھوٹ نہیں بول سکتے، اور اگر بولیں تو فورا پکڑے جائیں۔ سائنسداں مولانا مودودی کی طرح یہ نہیں کہہ سکتا کہ مذہبی عقائد کی طرح سائنسی عقائد کو بھی آنکھ بند کر کے مان لو ورنہ علم و تحقیق کی گاڑی ایک لمحہ کو بھی نہ چل سکے گی۔ وہ تو یہ کہتا ہے جہاں تم، وہاں میں! میں جو کچھ کہہ رہا ہوں، اس کے دلائل و شواہد موجود ہیں، تم چاہو تو میرے طریقے پر تحقیق کر کے حقیقت کا پتا لگا سکتے ہو، اور چاہو تو اپنا ایک طریقہ ایجاد کرو اور میرے اس دعوے کی جانچ کرلو۔ اگر میری بات خلاف واقعہ ثابت ہوگئی تو میں مان لوں گا۔ تم دلیل کی جانچ کرو، تجربہ و مشاہدہ کرلو، کھلی آنکھوں سے بچشم خود دیکھ لو اور ساری دنیا کو دکھا دو۔ علم و تحقیق کی گاڑی تو اسی پر چلتی ہے۔ ورنہ علم اور مذہب میں فرق کیا رہ جائے گا؟
مذہب کہتا ہے لن ترانی یعنی تو نہیں دیکھ سکتا،اور اگر دیکھ لے تو میں مذہب نہیں۔ سائنس کہتی ہے تو دیکھ سکتا ہے، دیکھنا تیرے بس میں ہے، نہ دیکھ سکے تو میں فی الحال سائنس نہیں، فلسفہ ہوں۔ مذہب کہتا ہے کہ بھروسا کر، یہی بات حق ہے جو میں کہہ رہا ہوں۔ سائنس کہتی ہے بھروسہ کا کیا سوال، شک ہے تو ابھی دیکھ لے۔ مذہب تنقیدو تردید اورریب و تشکیک کا استقبال نہیں کرتا، سائنس شک کرنے والوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔ اگر نیوٹن پر شک نہ ہو تو آئن اسٹائن پیدا نہ ہو سکے۔ فرائیڈ پر شک نہ ہو تو ایڈلر اور ینگ پیدا نہ ہو سکیں۔ سوسئیر اور لیوی اسٹراس پر شک نہ ہو دریدا پیدا نہ ہو سکے۔ تو مذہب کے لیے شک کرنا سم قاتل اور سائنس اور سماجی علوم کے لیے آب حیات ہے۔ سائنسی و سماجی علوم کی صداقت پر شبہ کے نتیجے میں تیقن پیدا ہوتا ہے اس لیے وہاں متشککوں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے، لیکن مذہب پر جتنا شک کیا جائے، اتنا ہی گمراہ اور ضال و مضل کہہ کر کھدیڑا جاتا ہے۔ ایسے ہی لوگوں پر طنز کرتے ہوئے علامہ نیاز فتح پوری نے فرمایا تھا:
’’مذہب نام ہے صرف کورانہ و جاہلانہ انقیاد و اطاعت کا، اس لیے اس کا وجود، خواہ وہ ضروری ہو یا غیرضروری، مفید ہو یا غیر مفید، صرف اسی طرح قائم رہ سکتا ہے کہ وہ اسی طرح جہل و لاعلمی کی دنیا میں رہے۔ علم کے میدان میں اس کی تگ و دو حددرجہ نامقبول جسارت ہےکیونکہ یہیں آ کر سب سے پہلے اس کے پائے لنگ کا حال کھلتا ہےاور وہ ایک مضحکہ خیز چیز بن جاتا ہے۔‘‘
مذہب کا پائے لنگ کیا ہے؟ اس میں سائنسی امور کی طرح متعددامور کی باز تحقیق یا باز تصدیق کا موقع نہ ہونا۔ سائنس اگرایمان بالغیب لانے کا مطالبہ کرتی بھی ہے تو شک ہونے پر فوراً اس کی باز تحقیق کی جا سکتی ہے اور کی جاتی ہے، اور جہاں باز تحقیق کا موقع نہیں ہوتا وہاں آثار و شواہد کی حد تک ہی ایمان لانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اصل میں مولانا مودودی ایمان بالغیب کیا ہے یہی نہیں سمجھ سکے۔ سائنسی و سماجی علوم میں ایمان بالغیب کے معنی یہ نہیں ہیں کہ ایک سائنسداں یا سماجی عالم نے کوئی دعویٰ کیا اور ہم نے اس کو فوراً سچ مان لیا۔ ہم اس سے اس کے دعوے پر دلیل مانگتے ہیں۔ اور وہ اپنے دعوے کے حق میں مختلف النوع عقلی و نقلی دلائل و آثار و شواہد پیش کرتا ہے۔ اگر ایک مورخ یہ دعویٰ کرتا ہے کہ قدیم ہندوستان میں اشوک نام کا ایک شخص بادشاہ ہوا کرتا تھا۔ تو اب وہ مورخ خود ماضی میں جا کر بادشاہ اشوک کو نہیں دیکھ سکتا۔ وہ تو سابقہ تاریخی کتابوں اور تاریخی آثارو قرائن کی بنیاد پر ہی یہ دعویٰ کرتا ہے ۔اوریہ کہتا ہے کہ یہ رہے وہ تاریخی ثبوت اور دلائل جن کی مدد سے میں اس حقیقت تک پہنچا ہوں، اگر تم بھی میرے طریقے سے تحقیق کروگے تو اسی نتیجے تک پہنچوگے۔ لیکن اشوک یا گوتم بدھ کو نہ میں دیکھ سکتا ہوں اور نہ تم دیکھ سکتے ہو۔ تم جہاں ہو، وہیں میں بھی ہوں۔ اور میں تم سے اگر ایمان بالغیب کا مطالبہ کرتا بھی ہوں تو صرف اسی حد تک جس حد تک یہ آثار و شواہد بتا رہے ہیں۔ اور تم میرے اس طریقے پر چل کر میری ہی طرح مورخ بن سکتے ہو۔ بلکہ مجھ سے بڑے مورخ بھی بن سکتے ہو۔ ایک پیغمبر سرے سے حقائق کے انکشاف کے اپنے طریقہ کار یا تجربے کی کوئی تجرباتی وضاحت ہی نہیں کرتا اور نہ یہ کہتا ہے کہ اگر میرے طریقے پر چلو گے تو تم بھی پیغمبر بن جاوگے اور مجھ سے بڑے پیغمبر بھی بن سکتے ہو۔ پیغمبر اگر جبریل کو دیکھتے ہیں تو وہ اپنے کسی امتی کے سامنے جبریل کو اس کی اصلی شکل و صورت میں نہیں دکھاتے ۔ اور نہ وہ جبریل کو دیکھنے کا کوئی طریقہ بتاتے ہیں۔ وہ صرف اپنے دعوے پر ایمان لانے اور اطاعت کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
مذہب اور سائنسی و سماجی علوم میں اتنا واضح فرق ہے جس کو دنیا کا ہر شخص معلوم کرسکتا ہے۔ لیکن جو لوگ مذہب اور سائنس کو ایک کردینے کے ذریعے اپنے نفسانی خواہشات کی اطاعت کرانا چاہتے ہیں، وہ اس فرق کو تسلیم نہیں کرتے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ جس طرح تم سائنسی و سماجی علوم کی صداقت پر ایمان بالغیب لاتے ہو، اسی طرح تم مذہبی معلومات پر بھی ایمان بالغیب کیوں نہیں لاتے؟ تم ایسا نہیں کرتے تو علم و تحقیق کی گاڑی کو روک رہے ہو۔ ہرگز نہیں، دراصل یہی وہ دعوتی پرچاری لوگ ہیں جو علم و تحقیق کی گاڑی کو روک رہے ہیں، لیکن انہیں اس کا شعور نہیں ہے۔ کیونکہ یہ زبردست ادعائیت و تحکمیت میں مبتلا ہو گئے ہیں جس سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کو یہ تیار نہیں ہیں۔
آپ آگے لکھتے ہیں:
’’علم کے ان ذرائع کو مستند سمجھنے کا منطقی تقاضہ ہے کہ ان سے حاصل ہونے والی بات اگر ہماری سمجھ میں نہ بھی آئے تو ہم اسے قبول کریں۔‘‘
آپ نے علم کے کن ذرائع کا تذکرہ کیا ہے؟ میڈیکل سائنس علم کا ذریعہ نہیں ہے۔ میڈیکل سائنس خود ’علم‘ ہے۔ اور اس کا ذریعہ ہے تفکر و تعقل، تجربہ و مشاہدہ۔ اور علم کے ماخذ ہیں عقل اور حواس خمسہ۔ انہی چیزوں سے ہمیں وہ علم حاصل ہوتا ہے جس کو ہم میڈیکل سائنس کہتے ہیں۔ میڈیکل سائنس کی کسی بھی ثابت شدہ اور مصدقہ بات پر اگر ذرہ برابر بھی شک ہو تو اس کی تصدیق ہر وقت کی جا سکتی ہے۔ ہم عام طور پر اس کو بلا چون و چرا اس لیے قبول کر لیتے ہیں کہ ان کی تصدیق کتنی ہی بار ہو چکی ہے۔ لیکن اس کے بعد بھی اگر ہمارے اندر شک ہو تو ہم خود ایک لیباریٹری قائم کر کے میڈیکل سائنس کے ان تمام حقائق کا بچشم خود مشاہدہ کر سکتے ہیں۔
اگر ہم اپنی حماقت سے ٹی بی کے جراثیم کا انکار کرتے ہیں یا یہ کہتے ہیں ٹی بی ایک متعدی مرض نہیں ہے، اور خود ڈاکٹر کو اس بات کا قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ آپ بھی ہماری بات مان لیجیے کہ حقیقت یہی ہے تواب یہ ڈاکٹر پر منحصر ہے کہ وہ کیا ردعمل ظاہر کرتا ہے۔ وہ ہماری ذہنی حالت کا معاینہ کرے گا، اور اگر ہمارے اندر صحیح الدماغ ہونے کی علامات پائی جائیں گی تو پھر وہ غور و فکر اور علم حاصل کرنے کا مشورہ دے گا۔ وہ ہم سے کہے گا کہ اگر آپ کے پیسہ ہے تو میڈیکل کالج میں داخلہ لیں، یا پھر ایک پیتھلوجیکل لیباریٹری قائم کریں اور ٹی بی کے جراثیم کا بچشم خود تجربہ و مشاہدہ کر لیں۔ پھر اگر ہم ایسا نہ کریں (حالانکہ ہم ایسا کر سکتے ہیں)، اور اس کے بعد بھی ڈاکٹر کا انکار ہی کرتے چلے جائیں تو بلاشبہ ہم صحیح الدماغ نہیں کیونکہ اپنی مذہبی ہوس میں سائنسی حقائق پر یقین رکھنے کو مذہب پر یقین رکھنے جیساایک معاملہ بنا دینا چاہتے ہیں۔ سائنسی حقائق اور مذہبی نوعیت کی غیرمعقول معلومات بالکل دو مختلف چیزیں ہیں اور دونوں میں کوئی مقابلہ جائز نہیں۔
سائنسی امور سے متعلق کوئی بات مستند ماخذ سے پہنچے اور وہ ایک شخص کے علاوہ کسی کی سمجھ میں بھی نہ آئے، یہ ممکن ہی نہیں ہے۔ مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ کمپیوٹر کیسے کام کرتا ہے لیکن چاہوں تو سمجھ سکتا ہوں۔ اگر مجھے باوجود کوشش کے سمجھ میں نہ آئے تو علمائے کمپیوٹرسائنس کی خدمات حاصل کر سکتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں دیکھ رہا ہوں کہ کمپیوٹر اور ریڈیو کام بھی کر رہا ہے، اب خواہ وہ مجھے سمجھ میں آئے یا نہ آئے، میں اس کو ماننے پر مجبور ہوں کیونکہ میرے ایسا ماننے کی پشت پر میرا مشاہدہ ہے۔ میں ریڈیو یا کمپیوٹر کام کرتا ہے، اس بات پر ایمان نہیں لاتا بلکہ اس بات پر ایمان لاتا ہوں کہ وہ ’’کیسے‘‘ کام کرتا ہے۔ اور کیسے کا یہ سوال کوشش سے سمجھ میں آ سکتا ہے۔ یہ کیسے کی تفصیلات مجھے سمجھ میں نہ آئیں تو کوئی اور مجھے سمجھا سکتا ہے۔ لیکن مذہبی امور سے متعلق وہ باتیں جو کسی کی سمجھ میں نہیں آ سکتیں، ان پر ایمان لانے کا مطالبہ درست نہیں ہے۔ مثلا ۹۹۹ فی ہزار لوگ/ مشرکین ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جہنم میں جائیں گے اور اس کے باوجود خدا ارحم الراحمین ہے! کیا یہ بات کسی درجہ سمجھ میں آتی ہے؟ (الا یہ کہ ہم یہ ایمان رکھیں کہ ایسی باتیں تخویف و تقویٰ پیدا کرنے کے لیے اس دور میں بے راہ روی کو دور کرنے کے لیے فرمائی گئی تھیں اور ان کی واقعاتی حقیقت ہونا عقلاً محال ہے)؟ اور اگر کسی کو مذہب کی یہ باتیں دور جدید میں سمجھ میں آتی ہیں تو وہ آ کر سمجھا دے۔
اگلے تبصرے میں آپ نے لکھا ہے:
رہی بحث دعوت اور مکالمہ کی تو ہر بات جو کہی جاتی ہے اس کی غلطی ثابت ہوجائے تو اسے تسلیم کرلیا جاتا ہے۔ ہر بڑے داعی اور اسلامی مفکر کی سوانح میں ایسے واقعات موجود ہیں کہ انہوں نے اپنی آرا سے بالاعلان رجوع کیا۔
اب اتنے واضح دلائل پا لینے کے بعد کیاآپ یہ تسلیم کر سکتے ہیں کہ آپ کی دعوت میں غلطی ہو سکتی ہے؟ آپ اصولی طور پر ہاں کہہ کر دکھائیں۔ میرا خیال ہے آپ ایسا نہیں کہہ سکتے کیونکہ ایک داعی کو اپنی صداقت کا زبردست یقین ہوتا ہے۔ داعی بریلوی ہو یا دیوبندی، تحریک اہل حدیث سے وابستہ ہو یا تحریک اسلامی سے، وہ یہ مان ہی نہیں سکتا کہ اس کی دعوت میں کوئی غلطی موجود ہے! اسی تیقن کے سبب ادعائیت پیدا ہوتی ہے، اور اسی سے آگے چل کر تحکمیت جنم لیتی ہے۔ لیکن میں یہ تسلیم کر سکتا ہوں کہ میری باتوں میں غلطی ہو سکتی ہے۔ آپ میری غلطی ثابت کر دیں میں مان لوں گا۔ آپ نے اپنی نظر میں میری ایک غلطی تو ثابت کی ہے کہ میں قرآن کو اللہ کی کتاب مانتے ہوئے بھی اس کی ہر بات کو تسلیم نہ کرنے کی غیرمنطقیت میں مبتلا ہو گیا ہوں۔ اور میں نے واضح کر دیا کہ مذہب کے میرے اور آپ کے تصور میں کیا اختلاف ہے۔ میں قرآن و سنت کےمتعدد عقائد و احکام کو اسی دور کے لیے مخصوص سمجھتا ہوں جس دور میں وہ نازل ہوئے۔ اور ایسا سمجھنے کے لیے میرے پاس فی الحال ناقابل انکار عقلی دلیلیں موجود ہیں۔ جن میں سے ایک دلیل یہ ہے کہ خدا ظالم نہیں ہو سکتا اس لیے یہ احکام و عقائد مصلحتاً دیے گئے۔ ورنہ جہنم میں ۹۹۹ فی ہزار لوگوں کے محدود گناہوں کی لامحدود سزا کی اور کیا توجیہ ہو سکتی ہے؟
جب ایک بار لامحدود جہنم میں ۹۹۹ فی ہزار لوگوں کے لامحدود وقت تک جلنے کی سزا عقلا غلط ثابت ہو گئی تو پھر داعی حضرات جہنم سے ڈرنے کی دعوت کیوں دیتے ہیں؟ کیا دعوت کو غلط ثابت کرنے کے لیے اس سے بڑی کسی دلیل کی ضرورت ہے؟ میں عقل کو حجت سمجھتا ہوں اور داعی نقل کو تو پھر بحث کیسے ہو سکتی ہے؟ جب ایک داعی سے بحث ہو ہی نہیں سکتی تو متنازعہ امور میں اپنی غلطی پائے جانے پر وہ رجوع کیسے کر سکتا ہے کہ آپ فرماتے ہیں کہ ہر بڑے داعی نے رجوع کیا ہے؟
کیا آپ کے ذہن میں ایسے سوالات پیدا نہیں ہوتے؟ اور آپ بھی منقولات پر مجبوراً ایمان نہیں لاتے؟ آپ یہ مان ہی نہیں سکتے کہ آپ کے جہنم سے ڈرنے والی دعوت میں کوئی غلطی بھی ہو سکتی ہے۔ اور یہی وہ نکتہ ہے جس کو میں ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ یہ دعوتی نقطہ نظر ہی ہے جو ایسا اندھا یقین پیدا کرتا ہے جس سے اسلامی فرقوں میں زبردست ادعائیت و تحکمیت پیدا ہوجاتی ہے اور وہ آپس میں لڑتے رہتے ہیں۔ یہ تحکمیت اتنی بڑھتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ہاں شادی بیاہ اور دیگر تمام تعلقات حرام کر دیتے ہیں۔ حالانکہ اللہ نے قرآن میں اہل کتاب تک سے شادی کو جائز رکھا ہے! اپنی حقانیت کا اتنا یقین ہو جانا حد درجہ مہلک ہے۔
ماضی کے داعیوں نے ماضی کے حالات کے مطابق کام کیا تھا۔ موجودہ دنیا میں فکری سطح پر کسی داعی کی ضرورت فی الحال نہیں ہے۔
آپ آگے لکھتے ہیں:
’’لیکن ہر آدمی بعض باتوں کے سلسلہ میں یہ یقین رکھتا ہے کہ وہ صد فیصد سچ ہیں اور ان کی غلطی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آپ کو یقین ہے کہ آپ انسان ہیں ، مرد ہیں، آپ کی آنکھیں دیکھ سکتی ہیں اور اردو اور انگریزی میں آپ ناخواندہ نہیں ہیں۔ کوئی اگر آپ کی اس بات کو غلط ثابت کردے تو آپ مان لیں گے۔ لیکن آپ کو یقین کامل ہے کہ ان باتوں کو غلط ثابت کیا ہی نہیں جاسکتا۔‘‘
آپ نے جو مثالیں پیش فرمائی ہیں کیا ایک شخص کو ان کی صحت کے سلسلے میں کوئی شک ہو سکتا ہے؟ کیا اس قسم کی باتوں کو کوئی غلط ثابت کر سکتا ہے؟ اور انہیں غلط ثابت کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے؟ بہت سی باتیں ایسی ہیں جنہیں غلط اور صحیح کی بحث سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ وہ ناقابل انکار حقائق ہیں۔ سورج نکلا ہوا ہو تو کوئی یہ ثابت نہیں کرتا کہ سورج نہیں نکلا ہوا ہے۔ ہندی میں کہاوت ہے: پرتیکش کو پرمان کی آوشکیتا نہیں۔ یعنی جو حاضر ہے اس پر کوئی دلیل نہیں۔ کیونکہ جو کچھ حاضر ہے وہ از قسم محسوسات ہے۔ اس پر کوئی شک نہیں ہو سکتا الا یہ کہ اندھیری رات میں رسی کو سانپ سمجھنے جیسے وہم کا شکار ایک شخص ہو جائے۔ آپ کی مثالیں عالم شہادت سے متعلق ہیں جس میں کچھ ثابت کرنے کی ضرورت کبھی ہوتی ہی نہیں، اس میں کوئی تنازعہ کبھی ہوتا ہی نہیں، اس لیے ان باتوں پر ایمان یا یقین رکھنے کی سرے سے کوئی ضرورت ہی نہیں۔ یہ چیزیں ایمان و یقین کے دائرے سے خارج ہیں۔ کھانا کھاتے وقت ہم یہ ایمان نہیں لاتے کہ ہم کھانا کھا رہے ہیں۔ اپنے آپ کو آئینے میں دیکھتے وقت ہم یہ ایمان نہیں لاتے کہ ہم آئینہ ہی دیکھ رہے ہیں۔ ایمان و یقین کی ضرورت وہاں ہوتی ہےجہاں کچھ شک و شبہ کی گنجائش ہو، جہاں کچھ ’’مشتبہ‘‘ ہو، جہاں کچھ تنازعہ ہو سکتا ہو۔ متنازعہ امور ہمیشہ عالم غیب سے متعلق ہوتے ہیں۔
اس لیے جن باتوں میں یقین کامل ہونے کی بات آپ کہہ رہے ہیں ان باتوں میں یقین کامل یا یقین ناقص رکھنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔ یقین، ایمان، بھروسا جیسے الفاظ سراسر عالم غیب سے متعلق امور میں استعمال ہوتے ہیں۔
آپ کا اگلا جملہ ہے:
’’اس یقین کی وجہ سے اس بات کی پیشکش میں ایک زبردست خود اعتمادی (جسے آپ ادعائیت کہتے ہیں) کا پایا جانا فطری ہے۔‘‘
میرے اوپر کے تجزیہ سے آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کا یہ جملہ ’باطل‘ ہے۔ میرا نام طارق صدیقی ہے۔ اور مجھے اس سلسلے میں ایمان لانے، بھروسہ کرنے، یا اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔ خود اعتمادی کی ضرورت وہاں ہوتی ہے جہاں شک کی کوئی گنجائش ہو۔ میں ایک اچھا مضمون لکھ سکوں گا یا نہیں، میں امتحان پاس کر سکوں گا یا نہیں، خود اعتمادی کی ضرورت ایسے امور میں ہوتی ہے اور کوئی ضروری نہیں ہے کہ میں مضمون اچھا ہی لکھ سکوں، امتحان پاس کر ہی لوں۔ کیونکہ اچھا مضمون لکھنا، یا امتحان پاس کرنا موقوف ہے میری عقلی، علمی، ذہنی و دیگر قسم کی صلاحیتوں پر اور اس ماحول پر جس میں مجھے کوئی کام کرنا ہے۔ اور ان چیزوں کے بارے میں مجھے آئندہ حالات کا کوئی یقینی علم نہیں ہے۔
آپ آگے فرماتے ہیں:
’’ایک مومن کو خدا پر، رسول پر، قرآن پر اس سے زیا دہ ایمان ہوتا ہے جتنا مجھے یہ ایمان ہے کہ میرا تعلق بلیوں یا بکریوں کی نسل سے نہیں ہے یا یہ کہ میں جنس مونث نہیں ہوں۔‘‘
یہ جملہ بھی باطل ہے۔ ہم سب انسان ہیں، بلیوں اور بکریوں کی نسل سے نہیں ہیں، یہ ایمان کا مسئلہ ہے ہی نہیں۔ اور نہ یہ کوئی دعویٰ کرنے کی چیز ہے کہ ہم بلیوں یا بکریوں کی نسل سے نہیں ہیں۔ یہ تو ہمارے محسوسات و مشاہدات ہیں۔ لیکن ’’قرآن اللہ کی کتاب ہے‘‘ یہ ہمارا مشاہدہ نہیں ہو سکتا۔ یہ ایک دعویٰ یا ایک خبر ہے۔ قول رسول کو اگر آپ حجت تسلیم کرتے ہوں تو انہوں نے فرمایا ہے کہ ’’خبر اور مشاہدہ برابر نہیں ہیں‘‘۔ یہ دونوں دو چیزیں ہیں۔ تحریکی داعیوں یا ’’ادعائیت پسندوں‘‘ کی ایک بڑی خراب بات یہ ہے کہ وہ مشاہدہ اور خبر کو ایک کر دیتے ہیں۔ دونوں کو ایک ہی درجہ میں رکھتے ہیں۔ جو چیزیں منقولات / معقولات و غیوبات میں داخل ہیں انہیں محسوسات و مشاہدات کے درجے پر لا کھڑا کرتے ہیں اور پھر ان کی پیروی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سچ تو یہ ہے کہ یہ تحریکی داعی حضرات خبر کو مشاہدہ کے برابر ہی نہیں کرتے بلکہ خبر کی حیثیت کو مشاہدہ کی حیثیت سے بڑھا دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک خبر زیادہ قابل اعتماد ہوتی ہے۔ خود آپ فرماتے ہیں:
ایک مومن کو خدا پر، رسول پر، قرآن پر اس سے زیا دہ ایمان ہوتا ہے جتنا مجھے یہ ایمان ہے کہ میرا تعلق بلیوں یا بکریوں کی نسل سے نہیں ہے یا یہ کہ میں جنس مونث نہیں ہوں۔۔۔
اسلامی عقائد خبر ہیں، مشاہدہ نہیں۔ اگر ہم بلیوں یا بکریوں کی نسل سے نہیں ہیں تو یہ کوئی خبر نہیں ہے، یہ ہمارا دن رات کا مشاہدہ ہے۔ آپ نے دیکھا کہ کیسے آپ نے خبر کا درجہ مشاہدہ سے بڑھا دیا اور اس طرح قول رسول کے خلاف ایک بات فرمائی۔ اب کیا آپ اس سے رجوع کر سکتے ہیں؟
اس لئے جن باتوں کا تعلق ایمانیات سے ہے یا محکمات سے ہے اس میں یہ یقین اور خود اعتمادی ایمان کا تقاضہ ہے۔ یقین نہ ہو تو یہ نفاق کی علامت ہے۔
یقین نہ ہونا نفاق کی علامت نہیں۔ اہل نفاق کا شیوہ یہ ہوتا ہے کہ وہ ایک شخص کے سامنے ایک بات کہیں گے اور دوسرے کے سامنے اپنی اس بات کے خلاف ایک دوسری بات کہیں گے۔ منافق چوہے کی طرح ایک سوراخ سے داخل ہوتا ہے اور دوسرے سے نکل جاتا ہے۔ ریب و تشکیک کو منافقت نہیں کہتے۔ منافق اگر اپنی منافقت کو بیان کر دے تو وہ منافق نہیں رہتا۔ لیکن شکی اگر اپنے شک کو بیان کر دے تو بھی وہ شکی ہی رہتا ہے۔ اگر اس کا شک عقل و دلیل اور تجربہ و مشاہدہ کے ذریعے دور کر دیا جائے تو اور بات ہے۔ شک اور منافقت دو مختلف چیزیں ہیں۔ دونوں کی علتیں اور ذلتیں الگ الگ ہیں۔ منافقت کانٹے کی طرح کھٹکتی ہے۔ انسانی ضمیر اس کو برداشت نہیں کرتا۔ شک پر انسان کا ضمیر ملامت ہی کرے یہ کوئی ضروری نہیں۔ شک عام طور پر ظاہر کیا جاتا ہے اور منافقت عام طور پر ظاہر نہیں کی جاتی۔
منافقت انسان کی فطرتِ مذمومہ میں داخل ہے اور شک انسان کی فطرتِ صالحہ میں ۔ شک کرنا تو انسان کی فطرت ہے۔ اگر ایک شخص کو اپنے مذہب پر شک نہ ہو تو وہ اپنے مذہب کو سچا ہی سمجھتا رہے گا اور اس کے مذہبی خیالات میں کبھی کوئی تبدیلی واقع نہ ہو سکے گی۔ ایمان و یقین تبدیلیٔ مذہب و نظریہ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی ہے۔ عیسائی اپنے مذہب پر شک نہ کرے اور اس کے سچ ہونے پر صدق دل سے یقین کرتا رہے تو کبھی مسلمان نہ ہو سکے۔ ایک مسلمان اپنے مذہبی عقائد کو سچا سمجھتا رہے تو وہ کبھی دہریہ یا ملحد نہ ہو سکے۔ ایک ہندو اگر پنرجنم پر یقین کرتا رہے تو کبھی اپنے اس مذہبی عقیدے سے منحرف نہ ہو سکے۔ اس لیے میں کہتا ہوں کہ ایک مذہبی شخص کے لیے ایمان و یقین جس درجہ ضروری ہے اسی درجہ ریب و تشکیک بھی اس کے لیے ضروری ہے۔ ریب و تشکیک تو ایک بہت بڑی خوبی ہے جو انسان کو صراط مستقیم پر لا سکتی ہے، اور صراط مستقیم وہ ہے جس کو انسان صدق دل سے صراط مستقیم سمجھے۔ آپ بھی کسی چیز کو صدق دل سے صراط مستقیم سمجھتے ہوں تو آپ صراط مستقیم پر ہیں قطع نظر اس سے کہ واقعات کی دنیا میں وہ چیز کتنی ہی بعید از عقل اور غلط ہو۔ انسان کے لیے صراط مستقیم کا تعلق ’’حقیقت‘‘ یا ’’واقعیت‘‘ سے نہیں بلکہ اس کے تلاش حق کے جذبے سے ہے جو وہ انتہائی خلوص کے ساتھ انتہائی حد تک مشکوک ہو کر کرتا ہے۔
اگر ایک انسان اپنے غور و فکر سے اس نتیجے پر پہنچے کہ خدا نہیں ہے اور اس پر اس کو شرح صدر ہو جائے تو کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ اللہ تعالٰی اس کو آگ کا عذاب دے۔ اصل چیز انسان کا غور و فکر کرنا ہے، اور اپنے کو اخلاق کاملہ تک پہنچانا ہے۔ اصل چیز انسان کا انسان کے ساتھ خیرخواہی کا رویہ ہے اور دیگر جانداروں کے ساتھ ممکنہ حد تک اچھا سلوک کرنا ہے۔ غالب نے کہا ہے:
وفاداری بشرط استواری اصل ایماں ہے
مرے بت خانے میں تو کعبے میں گاڑو برہمن کو
نہیں کچھ سبحہ و زنار کے پھندے میں گیرائی
وفاداری میں شیخ و برہمن کی آزمائش ہے
ظاہر ہے جب آپ صدق دل سے کچھ مان رہے ہیں تو وہ آپ کی نجات کے لیے کافی ہے۔ آپ صدق دل سے یہی مانتے رہیں کہ مرنے کے بعد تمام غیر مسلم جہنم میں جائیں گے تو آپ کی نجات میں کوئی کلام نہیں ہو سکتا۔ اسی طرح ایک ہندو صدق دل سے غور و فکر کے بعد یہ تسلیم کرتا رہے کہ مرنے کے بعد تمام بدکار انسان سور اور کتوں کی یونی میں جنم لیں گے تو اس کی نجات میں بھی کلام نہیں ہو سکتا۔ اسی طرح اگر ایک لامذہب شخص اپنے غور و فکر سے اس نتیجے تک پہنچتا ہے کہ مرنے کے بعد انسان مٹی میں مل جائے گا اس لیے جو کچھ ہے وہ یہی دنیا ہے، اور اسی کو بہتر سے بہتر بنانا ہے تو اس کی نجات میں بھی کوئی کلام نہیں۔ اور میری نظر میں وہ تمام لوگ مسلمان ہیں جو صدق دل سے غور و فکر کرتے ہیں اور ایک نتیجے تک پہنچتے ہیں، یا صرف غور و فکر ہی کرتے رہتے ہیں، کیونکہ اسلام نام ہے اپنے کو قانون فطرت کے سپرد کردینے کا۔ اور فطرت نے انسان کو غور و فکر کا ملکہ عطا فرمایا ہے، تا کہ وہ اس کی مدد سے نیکی اور بدی کو پہچان سکے۔ پس جس کے اندر نیکی اور بدی کی سمجھ آ گئی اور وہ دوسروں کو نقصان پہنچانے سے باز آ گیا، سمجھیے کہ اس کی نجات ہوگئی۔
انسان کے لیے یہ کبھی زیبا نہیں کہ وہ کسی ایسی چیز کو آخری صداقت تسلیم کر لے جس پر اس کی عقل شدید احتجاج کرتی ہو۔ایسے امور میں انسان کے لیے تشکیک ہی واحد راہ نجات ہے۔ لیکن شاید کوئی تحریکی داعی اس چیز کو بطور ایک خوبی کے تسلیم نہیں کرتا۔ کیسے کرے گا؟ اس کے ذہن میں تو اپنی دعوت پھیلانے کاجنون ہوتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ پرچارک، کامریڈ یا داعی بن جائیں، اس کی یہی کوشش ہوتی ہے۔ حالانکہ وہ خود ریب و تشکیک پھیلانے کا کام ہی کرتا ہے، دیگر تحریکات اور مذاہب کے لوگوں میں۔ مثال کے طور پر تحریک اسلامی کا داعی جب پنر جنم کے عقیدےپرعقلی اعتراضات قائم کرتا ہے تو وہ ہندو مذہب کے خلاف ریب و تشکیک نہیں پھیلاتا؟ لیکن وہ اسی کو ’’دعوت‘‘ کہتا ہے۔ اگر ریب و تشکیک کوئی بڑی خراب بات ہے ، منافقت ہے، تو آخر وہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کے عقائد کو متزلزل کرنے کی کوشش کیوں کرتا ہے؟ ایک طرف وہ اپنے ہم مذہبوں کو نصیحت کرتا ہے کہ شک نہ کرو، اور دوسری طرف اپنے دلائل سے دوسرے مذاہب کے لوگوں کو ان کے عقائد سے منحرف کرتا ہے۔ پھر وہ کہتا ہے کہ ہم شک نہیں پھیلاتے۔ ہم تو اپنے مذہب کا پرچارکرتے ہیں۔ اپنے مذہب کا پرچار کرتے ہیں تو پنرجنم کا ابطال کیوں کرتے ہیں؟ کیوں اس کے خلاف کتابیں شائع کرتے ہیں؟ کبھی تحریکی داعیوں نے اپنے مذہب یا تحریک پر بھی تنقید کرکے دیکھا ہے؟ عقل کی بنیاد پر پنرجنم پر تنقید کرنا تو بہت اچھا لگتا ہے، لیکن عقل کی بنیاد پر جب اپنے عقائد پر تنقید کرنے کی باری آتی ہے تو ٹیں کیوں بول جاتے ہیں؟ کوئی مارکسسٹ داعی اپنے عقائد پر تنقید کرتا ہے؟ کوئی تحریکی داعی اپنے مذہبی عقائد کا جائزہ لیتا ہے؟ کوئی آر ایس ایس کا پرچارک سرِ عام اپنے کلچرل نیشنلزم کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ہمت جٹا پاتا ہے؟ (الا ماشا اللہ) یہ تحریکات انسانوں کا شکار کرنے، ان کو نگلنے، اپنا لقمہ بنانے اور ان سے انرجی حاصل کرنے کے سوا اور کچھ نہیں کرتیں، ورنہ دیش اوردنیا میں امن و انصاف کی خواہاں یہ دعوتی تحریکات باہمی مکالمہ کا عمل کیوں شروع نہیں کرتیں؟ کیوں آر ایس ایس، جماعت اسلامی اور کمیونسٹ جماعتیں کبھی سر جوڑ کر بیٹھتی ہیں اور صدق دل سے دنیا میں امن و انصاف کے لیے کام کرتی ہیں؟ خود ایک ہی مذہب کی دو جماعتوں (مثلاً تبلیغی جماعت اور جماعت اسلامی) کے درمیان سوتیا ڈاہ کیوں پایا جاتا ہے؟
اگر ریب و تشکیک بالذات کوئی بری بات ہے تو ایک مذہب یا نظریہ کا داعی دوسرے مذہب یا نظریہ کے حاملوں کے ذہن میں اپنی تنقید سے شک کے بیج کیوں بوتا ہے اور پھر اس کی فصل کیوں کاٹتا ہے؟ دوسرے مذہب پر عقلی تنقیدآپ کے لیے روا ہو جاتی ہے اور جب آپ کے مذہبی عقائد پر عقلی نوعیت کے سوال اٹھائے جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہ محکمات ہیں، یہ متشابہات ہیں، ان پر کلام نہ کرو، منافق ہو جاوگے! دوسروں کے مذہبی عقائد (تثلیت یا پنرجنم) خرافات ہیں اور آپ کے مذہبی عقائد محکمات؟ ایک میں عقل کا استعمال جائز ہو جاتا ہے اور دوسرے میں عقل کا استعمال ناجائز؟ پنرجنم یا تثلیث پر عقلی تنقید کر کے ایک شخص کو آپ ’’مشرف بہ اسلام‘‘ کرتے ہیں اوراس کے بعد اس پر پابندی لگا دیتے ہیں وہ اپنے نئے مذہبی عقائد میں عقل کا استعمال نہ کرے؟ ایک طرف آپ یہ کہتے ہیں کہ پنرجنم کا عقیدہ ایک غیرمعقول عقیدہ ہے کیونکہ بدکار انسان جب کتے یا سور کی شکل میں جنم لیتا ہے تو کتے یا سور کو یہ علم نہیں ہوتا کہ اس کو کس بات کی سزا مل رہی ہے، اور خود آپ کا یہ عقیدہ آپ کے لیے معقول و غیرمعقول کی بحث سے بالکل خارج ہوجاتا ہے کہ ۹۹۹ فی ہزار لوگ جہنم میں جائیں گے (بخاری)؟ عقل کا یہ کیسا دوہرا معیار آپ نے بنا رکھا ہے؟ اور جب ایک شخص آپ کے اس غیر عقلی رویے کی طرف اشارہ کرتا ہے تو اس کو یہ فرماتے ہیں کہ تم کو منطق و فلسفہ کی الف بے سے بھی واقفیت نہیں؟ آپ اس کی علمی حیثیت کو مشکوک بنانے میں کوئی دقیقہ نہیں اٹھا رکھتے۔
آخر میں لکھتے ہیں:
’’البتہ آپ کی اس بات سے مجھے اتفاق ہے کہ جزوی، اجتہادی، فروعی مسائل میں ادعائیت کی یہ شدت نہیں ہونی چاہئے اور اس میں دوسری رائے کی صحت کے امکان کو بھی تسلیم کیا جانا چاہئے۔‘‘
میرا مسئلہ تو یہ تھا ہی نہیں کہ جزوی و فروعی مسائل میں کس حد تک اتفاق رائے کیا جا سکتا ہے۔ میرا مسئلہ تو یہ تھا کہ خود مذہب کیا ہے؟ مذہبی فکر میں ارتقا ممکن ہے یا نہیں؟ مذہبی عقائد و احکام میں بھی ارتقا ہو سکتا ہے یا نہیں؟ جو مذہبی عقائد و احکام دنیا کے لیے مفید ثابت ہوئے ہیں، آئندہ زمانے میں بھی کیا وہ مفید ثابت ہو سکیں گے؟ مثلاً، مسیح اللہ کے بیٹے ہیں اور انہوں نے صلیب پا کر انسان کے گناہوں کا کفارہ ادا کر دیا ہے، یا تمام غیرمسلم جہنم میں جائیں گے اور جہنم میں عورتوں کی کثرت ہوگی، مرنے کے بعد بدکار انسان سور کتوں کی شکل میں پیدا ہوں گے۔ ان عقائد کی مدد سے کیا دنیا کو مختلف النوع جرائم سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے؟ اس کو پرامن بنایا جا سکتا ہے؟ یا دنیا کی مذہبی فکر میں کسی ارتقا کی ضرورت ہے تاکہ عالمی مذاہب اپنی نئی تعبیر و تشریح کر سکیں اور مذہب کا جو حقیقی مفہوم ہے اس پر تمام انسان صدق دل سے عمل پیرا ہو سکیں، بلکہ لوگ اگر مناسب سمجھیں تو اس مذہب کو قبول کر سکیں جس میں انسانی حالات کے لحاظ سے ارتقا ممکن ہو۔ یا مذہبی عقائد پر عقلی نوعیت کے سوال اٹھانا اگر غیرمنطقی ہے تو سرے سے مذہب ہی کو زیربحث لانے کی کیا ضرورت ہے؟ جب مذہب پر کوئی تنقید ہو ہی نہیں سکتی تو خواہ مخواہ اس کو علمی و فکری بحثوں میں جگہ دینے کی کیا ضرورت؟ خالص مادی اصولوں پر دنیا کی فلاح کا کام کیوں نہ کیا جائے؟ لیکن نہیں، اسلام کے سوا کسی اور مذہب والوں کو تنقید سے کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔ اس لیے کیا یہ مناسب نہ ہوگا کہ سرے سے اسلام ہی کو زیربحث نہ لایا جائے؟ کیونکہ مسلمان ایسی بحثوں سے برا مان جاتے ہیں، متشدد ہو جاتے ہیں۔ چھوڑیے ہٹائیے، نہ کریں گے اسلام پر بحث۔ نہ ہو گا اسلام کا مطالعہ اور اس پر غور و فکر۔ نہ ہو گی اس پر تنقید۔ کوئی شعبہ قائم نہ ہو گا جدید یونیورسیٹیوں میں اسلامیات کا۔
اس طرح بات کریں گے تو فکری دنیا یہ رویہ بھی اختیار کر سکتی ہے۔ اور جس دن یہ خاموش رویہ دنیا کی قوموں نے اختیار کر لیا، اس دن اس بات کے ذمہ دار صرف وہ لوگ ہوں گے جو مذہب پر عقلی بحثیں اٹھانے کی ممانعت فرماتے ہیں۔
میں یہ سمجھتا ہوں کہ اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس میں یہ گنجائش پائی جاتی ہے کہ جیسے جیسے انسان کا اخلاقی و روحانی ارتقا ہو ویسے ویسے اس کے عقائد و احکام میں بھی ارتقا ہوتا چلا جائے ۔ اور ارتقا کا مفہوم کسی عقیدے کی تغلیط سے نہیں بلکہ اس میں مزید ترقی سے ، اس پر مزید نئی منزلیں تعمیر کرنے سے یا اس کے آس پاس نئی عمارتیں بنانے سے عبارت ہے۔ میں تو اب بھی دلائل کی بنیاد پر یہ سمجھتا ہوں کہ اسلام سے گزشتہ مذاہب کی غیرمنطقیت کو نکال دیا گیا ہے اور مذہب کا سب سے عقلی روپ اگر کوئی ہو سکتا ہے تو وہ اسلام ہی ہے۔ اگر آپ علامہ اقبال اور نیاز فتح پوری کا مطالعہ کریں گے تو معلوم ہوگا کہ یہ دونوں حضرات اہل سنت و الجماعت کے عقائد کے برعکس عقائد رکھتے ہیں، اور انہیں’’اسلام نکالا‘‘ دینے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکے گی۔ علامہ اقبال تو صاف کہتے ہیں کہ جنت اور جہنم صرف ’’اسٹیٹ آف مائینڈ‘‘ ہے۔ وہ تو نظریہ ارتقا کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ میں تو بہ دلیل یہ کہنے کی جرات بھی نہیں کر رہا ہوں۔ میں صرف غور و فکر اور تجزیہ کرتا ہوں، کوئی نتیجہ برامد کرنا، فیصلہ سنانا، حکم لگانا میرا کام نہیں، البتہ ایسا خود بخود ہو جائے تو میں اس میں کوئی قباحت محسوس نہیں کرتا۔ لیکن بہر حال اپنے ہر نتیجے پر بحث و مباحثہ اور مزید غور و فکر کی راہ میں کھلی رکھتا ہوں، جو ایک ’داعیٔ حق‘‘ کے بس کی بات نہیں۔ اور یہی ابتدائی فرق ہے دعوت اور مکالمہ میں۔
اور یہ شکر کا مقام ہے کہ یہ سوالات وہ شخص کر رہا ہے جو تحریکی و دعوتی پس منظر سے نکل کر آ رہا ہے۔ کوئی دوسرا شخص جب مستقبل میں اسی قسم کے سوالات کرے گا تو دعوتی پرچاری حضرات سوائے اس کی کیا ’’توجیہ‘‘ پیش کریں گے کہ ہم ان عقائد پر عقلی نوعیت کی بحث نہیں چلا سکتے؟ اور جب ان سے یہ پوچھا جائے گا کہ: اگر خود آپ کے مذہبی عقائد انسانی عقل سے ماورا ہیں تو دوسروں کے مذہبی عقائد انسانی عقل سے ماورا کیوں نہیں ہو سکتے؟ اگر آپ اپنے مذہبی عقائد کے سلسلے میں کسی عقلی بحث پر آمادہ نہیں ہو سکتے تو دوسروں کے مذاہب پر عقلی نوعیت کی بحث کیوں چلانا چاہتے ہیں؟ پھر سوائے بغلیں جھانکنے کے ان دعوتی حضرات کے پاس کیا عقلی دلیل رہ جائے گی؟
مجھے واقعی مسرت ہوئی کہ کم از کم تحریک اسلامی میں ایک صاحب تو ہیں جو میرے اٹھائے گئے سوالوں پر نہ سہی، کم از کم اپنے محکمات و یقینیات کی حد تک تو ایک داعیانہ مشورہ دے رہے ہیں، جس کو وہ ’’دوستانہ‘‘ کہتے ہیں۔ اس لیے مجھے بھی جواباً ایک دوستانہ مشورہ دینے کا حق پہنچتا ہے۔ اور وہ یہی ہے کہ شک کیجیے۔ شک کرنا ازبس لازم ہے۔ اسلامی فرقوں اور جماعتوں کی لعنت یہی ہے کہ وہ اپنے ’’محکمات‘‘ پر کبھی شک نہیں کرتیں۔ یہ ایمان و یقین میں بالکل پختہ ہیں، چکنے گھڑے کی طرح جس پر پانی کی ایک بوند بھی نہیں ٹھہر سکتی ہے۔ ان کو غور و فکر سے کوئی سروکار ہی نہیں کہ اسلام کی مدافعت کے لیے کسی صحیح رخ پر سوچ سکیں۔ یہ اپنے مخصوص فقہی قلعوں میں بیٹھے اپنی فتوحات علمیہ کے اذکاررفتہ میں مست و بے خود ہیں۔ دنیا کی قومیں عقل و اخلاق کے کس مرتبے پر فائز ہو چکی ہیں، اس پر ان کی سرے سے کوئی توجہ ہی نہیں ہے۔ غیر قوموں کی عورتیں خلائی جہاز ڈیزائن کر رہی ہیں، بلکہ خلا تک جا پہنچیں، اور یہ اپنی عورتوں کے ’’دائرہ کار‘‘ کی تعیین فرما رہے ہیں۔ تاریخ ان کا بہت سخت احتساب کرے گی اگر یہ اپنی موجودہ فقہی روش سے باز نہ آئے۔

تبصرے

anonymous نے کہا…
Your article is embellished with high but empty words. You have "established" a few premises and then construct a whole structure over it. For example, you say that Bukhari relates that out of 1000 people, 999 will go to fire. On the surface, it appears a very pessimistic tradition of the Prophet. But the latter part gives glad tidings that those 999 will be from amongst Gog and Magog and Muslims will be one-fourth or even one-third of the dwellers of Paradise. However, you fail to give a full account of this hadith and contend only on the basis of a figure that is 999 out of thousand. Either you didn't read Bukhari first-hand and found this hadith misquoted somewhere where you copied it from. Or even worse, you knew the complete hadith and tried to paint the things in your own way. Whatever the case is, it is highly unjustified.
In another instance you also mention that it is a hadith that "خبر اور مشاہدہ برابر نہیں ہیں"۔ However, you failed to quote the reference of this hadith. I believe it cannot be a hadith for it is directly in conflict with the Quran. Maybe it is a saying of probably the agnostics and atheists whose ideas you subscribe to. In Qur'an سمع and بصر have been used for what you call خبر and مشاہدہ, respectively. According to Qu'ran, سمع is superior to بصر. Since, senses of human beings are very limited and one cannot rely upon them to seek the true path. That's why Allah sent down His Prophets to provide سمع or خبر of the unknown or غیب. Can the خبر from the prophets be inferior to مشاہدہ of men? You decide.
In the end, you advised to doubt the محکمات. I would suggest you the same. Do doubt. But not the established محکمات of Quran and Islam but your new found محکمات borrowed largely from the modern day atheists.
anonymous نے کہا…
I am reposting this comment as my previous comment had garbled text. I hope you will not censor this.
Your article is embellished with high but empty words. You have “established” a few premises and then construct a whole structure over it. For example, you say that Bukhari relates that out of 1000 people, 999 will go to fire. On the surface, it appears a very pessimistic tradition of the Prophet. But the latter part gives glad tidings that those 999 will be from amongst Gog and Magog and Muslims will be one-fourth or even one-third of the dwellers of Paradise. However, you fail to give a full account of this hadith and contend only on the basis of a figure that is 999 out of thousand. Either you didn’t read Bukhari first-hand and found this hadith misquoted somewhere where you copied it from. Or even worse, you knew the complete hadith and tried to paint the things in your own way. Whatever the case is, it is highly unjustified.
In another instance you also mention that it is a hadith that "khabar aur mushahida brabar nahin hain" However, you failed to quote the reference of this hadith. I believe it cannot be a hadith for it is directly in conflict with the Quran. Maybe it is a saying of probably the agnostics and atheists whose ideas you subscribe to. In Qur’an sam' and basr have been used for what you call khabar and mushahida, respectively. According to Qu’ran, sam' is superior to basr. Since, senses of human beings are very limited and one cannot rely upon them to seek the true path. That’s why Allah sent down His Prophets to provide sam' or khabar of the unknown or ghayb. Can the khabar from the prophets be inferior to mushahida of men? You decide.
In the end, you advised to doubt the mohkamat. I would suggest you the same. Do doubt. But not the established mohkamat of Quran and Islam but your new found mohkamat borrowed largely from the modern day atheists.
Tariq نے کہا…
محترمہ/ محترم نامعلوم صاحبہ/ صاحب
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
نہ جانے آپ کا نام کیا ہے اور آپ کون ہیں۔ حالانکہ اصولاً تو اس ویب سائٹ پر نامعلوم لوگوں کا تبصرہ شائع کیا جاتا ہے اس لیے آپ کے اس تبصرے کی اشاعت عمل میں آئی ہے، لیکن اخلاقاً یہ درست نہیں ہے کہ آپ تبصرہ بھی کریں اور اپنا نام بھی چھپائیں۔ اتنی اخلاقی جرات اگر آپ میں نہیں تھی کہ اپنے نام کے ساتھ منظر عام پر آ سکیں تو آپ کو تبصرہ ہی نہیں کرنا چاہیے تھا۔
رہی بات آپ کے تبصرے میں موجود دلائل کی تو جن صاحب پر میں نے یہ تنقید کی تھی انہوں نے آپ کی انگریزی کے مقابلے میں اپنی اردو میں زیادہ بہتر طور پر میری اس تحریر کا جواب دینے کی کوشش کی ہے۔ میں ان کے جواب کو ابھی پورا پڑھ نہیں سکا ہوں۔ پورا پڑھ لینے کے بعد ہی میں کچھ عرض کر سکوں گا۔ امید ہے میرے اس جواب سے، جو میں آئندہ لکھنے والا ہوں، آپ کو بھی فائدہ ہو جائے گا۔
آپ نے جو دلائل دیے ہیں ان میں کوئی خاص بات مجھے نظر نہیں آتی لیکن اس کے باوجود میں مختصراً ان کا جواب بھی دینے کی کوشش کروں گا۔
برائے مہربانی ہفتے بھر کے بعد ویب سائٹ پر ضرور آئیں گے اور میرا متوقع جواب پڑھ لیں گے۔
طارق صدیقی
Tariq نے کہا…
میں نے آپ کے اس تبصرے کا جواب اپنے اوپر کے تبصرے میں دے دیا ہے۔ براہ مہربانی ملاحظہ فرما لیں۔
Abdur Rahman نے کہا…
dear tariq saheb, I am your anonymous commenter. you seemed upset over my identity so here it is.
has someone else replied to your post? why his comment is not posted here?
I said only two things: 1. that you quoted a hadith out of context. and 2. that khabar is not inferior to mushahida.
you said you do not find these arguments of any good. ok they could not have been presented in a literary fashion like you do our adorned with flowery language. never mind. just take the crux. I would love to see your response after a week.
khuda hafiz.
Abdur Rahman.
Tariq نے کہا…
اب تک دو تبصروں کے سوا ایسا کوئی تبصرہ نہیں ہے جس کو روکا گیا ہو۔ ایک تبصرہ سعادت صاحب کا ہے اور دوسرا مفتی ناصرصاحب کا جس کا میری اس تحریر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ناصر صاحب کو میں نہیں جانتا۔ انہوں نے میرے ہی ایک مضمون کو کاپی کر کے بطور تبصرہ پوسٹ کر دیا تھا جسے شائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔
ان صاحب نے جن کا آپ حوالہ دے رہے ہیں خدا معلوم کب تبصرہ کیا، کیا تبصرہ کیا، مجھے تو وہ بالکل نہیں ملا۔ ملا ہوتا تو میں اسے ضرور شائع کرتا۔
بالفرض محال میں نے کسی صاحب کے تبصرے کو شائع نہیں کیا تواب وہ اپنا تبصرہ ارسال کریں۔ میں اسے ضرور شائع کروں گا۔ تبصرے تو ویب سائٹ کی جان ہوتے ہیں۔
آپ کے اور دیگر حضرات کے بقیہ سوالوں کا جواب اپنی آئندہ تحریر میں دینے کی کوشش کروں گا۔

البتہ سعادت صاحب نے جو تبصرہ کیا تھا وہ بہت زیادہ طویل تھا، اس لیے وہ تکنیکی وجوہ سے پورے کا پورا پوسٹ نہیں ہو سکتا تھا، اور نہ ان کا وہ تبصرہ ہی مجھے مکمل طور پر موصول ہوا تھا۔ میں نے فیس بک پر سعادت صاحب سے ان کے تبصرے کی ورڈ فائیل بھی مانگی تھی تاکہ اسے من و عن درایت پر شائع کیا جا سکے۔ لیکن شاید وہ مصروفیات کے سبب اپنے تبصرے کی ورڈ فائیل نہیں بھیج سکے۔ بہت انتظار کرنے کے بعد میں نے ان کا وہی آدھا ادھورا تبصرہ کل شائع کر دیا اور میڈیا فائر سے ان کا مکمل تبصرہ پی ڈی ایف کی شکل میں ڈاونلوڈ کر کے اس کو اپنے ڈراپ باکس میں رکھا اور اس کا لنک ان کے اسی تبصرے میں درج کر دیا تا کہ درایت کے قارئین بھی ان کے تفصیلی تبصرے کو پڑھ لیں۔ اب احتیاطاً میڈیافائر کا اصل لنک بھی سعادت صاحب کے تبصرے میں پیسٹ کرنے والا ہوں۔
میں تنقید کا استقبال کرنے والوں میں سے ہوں۔ اپنی فکری خامیوں کی تلاش میں رہتا ہوں۔ تنقید کا ہدف بننا مجھے بہت پسند ہے، اسی لیے میں اپنے خلاف ہر اس تبصرے کو شائع کرتا ہوں جس میں کوئی فحش بات نہ ہو۔
اپنے خلاف تنقید شائع نہ کرنا تو جماعتوں اور اداروں کی روش ہے۔
Abdur Rahman نے کہا…
I just came to see your response as you asked me to come in a week's time and see your reply to the queries responses made by me and others. But you did not make any such comment yet? Need more time to cook up your lengthy bogus replies?
Tariq نے کہا…
تھوڑا اور صبر کیجیے۔ میں کئی اہم کاموں میں مصروف ہوں۔
مختصر لکھنے کی فرمائش کے بجائے طویل تحریروں کو پڑھنے کی مشق بہم پہنچائیں۔ مجھے جب مختصر لکھنا ہوگا تو مختصر لکھوں گا اور طویل لکھنا ہوگا تو طویل۔
بوگس کہنے کے بجائے آپ اپنے دل کی حالت کا بغور جائزہ لیں کہ وہ کسی تنگی میں تو مبتلا نہیں ہو گیا ہے؟ آپ کے دل کی حالت کا اندازہ مجھے اس لیے ہو رہا ہے کہ جو ای میل ایڈریس آپ نے فراہم کیا ہے، وہ بالکل غلط ہے۔ آپ اپنے صحیح نام، مقام اور ای میل ایڈریس کے ساتھ اگر منظر عام پر نہیں آ سکتے تو پھر آپ آخر تبصرہ کرتے ہی کیوں ہیں؟
آپ نے پہلے تو اپنا نام چھپایا، پھر ایک غلط نام اور ای میل کے ساتھ تبصرہ کیا۔ اب تک مجہول کیوں بنے ہوئے ہیں؟ اپنی اصل شخصیت کو آشکار کیجیے اور تھوڑی ثقاہت اور فقاہت اپنے اندر پیدا کیجیے۔ آپ کو دیر سے جواب ملنے پر اتنی بے قراری کیوں ہو رہی ہے؟ کیا آپ اپنی اصل شخصیت کے ساتھ بھی اتنی بے قراری کا مظاہرہ کر سکتے تھے؟
Farooque نے کہا…
ارے دانشور حضرات کیوں زبانی جمع خرچ میں لگے ہوئے ہیں، اپنی توانائی اور صلاحیت فلسفہ بگھارنے میں نہیں بلکہ مثبت کام میں لگائیے۔ گفتار کے غازی بن کر کیا دکھانا چاہتے ہیں، عملی میدان میں آئیے، کردار کے غازی بنئے۔ 
Tariq نے کہا…
یہ تبصرہ بھی ایک فیک جی میل اکاونٹ سے کیا گیا ہے۔
Farooque نے کہا…
بات نہ سننے کا اچھا بہانہ ڈھونڈ لیا ہے حضرت نے۔ کب تک فیک اور غیر فیک میں لگے رہیں گے۔ کام کا وقت ہے حضرت! زبانی جمع خرچ سے کیا حاصل ہوگا؟؟؟؟؟
Tariq نے کہا…
آپ نے خود اچھا بہانہ ڈھونڈ لیا ہے فیک نام سے تبصرہ کرنے کا۔ شکر منائیے آپ کا تبصرہ شائع کر دیا گیا ہے اور بات سن لی گئی ہے۔ اب آپ چاہتے ہیں کہ اس کا مدلل جواب بھی دیا جائے تو اپنے اصل نام پتے کے ساتھ نمودار ہوں۔ اس کی ہمت نہ تھی تو وہیں کسی حجرے میں بیٹھے وظیفہ پڑھتے رہتے۔ میرے مضمون پر تبصرہ کرنے آنے کی کیا ضرورت تھی؟اصل نام چھپانا ہے تاکہ دنیا کو پتا نہ لگے کہ میرا مضمون پڑھ کر دل میں کھلبلی مچی ہوئی ہے کہ کیسے اس کا ’’ابطال‘‘ کیا جائے! اور اتنا یقین بھی نہیں ہے کہ اپنے تبصرے کے ذریعے واقعی اس کا ابطال کر سکیں گے، اس لیے ایک فیک جی میل اکاونٹ بنایا اور تبصرہ کر دیا۔ اپنی دانست میں سانپ بھی مر گیا اور لاٹھی بھی نہیں ٹوٹی۔ آپ بڑے کردار کے غازی ہیں تو غلط نام اور فیک جی میل آئی ڈی کے ساتھ تبصرہ کیوں کر رہے ہیں؟ کیا آپ کا اسلام یہی سکھاتا ہے؟ جائیے پہلے کسی دارالعلوم سے فتویٰ لے کر آئیے کہ فیک نام سے تبصرہ کرنا صحیح ہے یا غلط، اس کے بعد آپ کی کسی بات کا جواب دیا جائے گا۔   
Banda-e-khuda نے کہا…
janab tariq sahib ... kiyoon es ZAHNI AY'YASHI me lage hain ... kuch productive kam kar lejye agar ummat aur ummat ke logon ka gham etna hi sata raha hai to   
Tariq نے کہا…
آپ نے جو کچھ لکھا ہے، اللہ آپ کو اس کا ٹھیک ٹھیک بدلہ دے۔
Banda-e-khuda نے کہا…
Janab tariq sahib ... shayed me ne apne jazbat ka  ezhar ghalat andaz me kar diya ... me es ke liye waqa'ye sharminda hon aur ma'afi ka khastagar hon ... albat'ta abhi bhi aap se kahon ga ki es qism ke "mahaz mubahise" se ummat ko kuch fayeda hone wala nahi hai ... lihaza un mahaaz par apni fikri tawana'eyan sarf ki jayen jahan ummet ko haqiqi zaroorat hai ... masalan  fikri tawana'yeon ka estimal ummat ke ta'alluq se phaila'e jane wali galat fahmiyoon ke izale ke liye ki jae through internet and social media websites ... Allah aap ko aur mujhe bhi es ki taw'feeq enayat kare ... apne sa'biqa lab o lahje ke liye phir se ma'afi chahta hon
Tariq نے کہا…
امت کو ابھی مذہبی شدت پسندی سے باہر آ کر فلسفہ اور تصوف پڑھنے کے ساتھ ساتھ اسلام کی موجودہ بھونڈی اور پھوہڑ دعوت دینا ترک کرنے کی ضرورت ہے جس سے خواہ مخواہ دوسری قوموں کو اپنی آبادی خطرے نظر میں آ رہی ہے۔ حالانکہ ایسی دعوت سے ہونے جانے کو کچھ ہے نہیں اور مسلمان مفت میں بدنام ہو رہا ہے۔
داعی امت بننے سے نہیں فلسفیانہ اور صوفی امت بننے میں فائدہ ہے۔
عرفان وحید نے کہا…
  یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ فلسفہ ایک بہت وسیع میدان ہے  جس میں کم و بیش تمام طبیعی و مابعد الطبیعی علوم داخل ہیں۔ اپسٹیمولوجی، منطق،  قانون، نفسیات،   نیچرل فلاسفی  جس میں فزکس، کیمسٹری، بایولوجی، اور ان کی تمام شاخیں،  شامل ہیں۔ آپ کس مخصوص شاخ کے اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں؟ کیا آپ ان میں سے نصف علوم کے مبادیات سے بھی واقف ہیں؟ ان علوم کو دعوت اسلامی سے کیا نسبت ہے؟ کیا یہ دعوت کا متبادل ہیں؟ یا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ داعی اسلام کو  پہلے ان علوم کی تحصیل کرنی چاہیےپھر کار دعوت کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ نہیں شاید آپ کہنا چاہتے ہیں کہ دعوت  چھوڑیں اور فلسفی اور صوفی بنیں۔


تصوف بھی  بڑی وسعتوں کا حامل ہے۔ کہیں اس کا مطلب خانقاہی نظام ہے۔ کہیں یہ رہبانیت اور تجرد ہے۔کہیں یہ شریعت کا متبادل  اورایک باطنی تجربہ جس کا مقصد اپنی ذات  کو خدا کی ذات میں ضم کرنا ہے۔ اور کہیں یہ عبادت میں اخلاص و احسان، معاملات میں خوبی و صفائی اور دنیا سے بے رغبتی۔ آپ کس تصوف کی بات کرتے ہیں؟ سب سے اہم بات  کیا اسلام اور تصوف لازم و ملزوم ہیں ؟ کیا ایک اچھا مسلمان بننے کے لیے صوفی  اور فلسفی بننا ضروری ہے؟  نقلی ہی سہی،  لیکن قرآن و سنت  سےآپ اپنی باتوں کے حق میں کوئی  دلیل پیش کر سکتے ہیں؟  اور جس چیز  کی آپ دعوت دے رہے ہیں کیا  آپ خود اس پر عامل ہیں؟  یہاں اپنا ہی ایک شعر یاد آرہا ہے؎


کیا معرفت کے رمز بتاتے ہو ہم کو شیخ


کیا تم خدا شناس ہو ایمان سے کہو


اقبال نے ری کنسٹرکشن میں عبدالقدوس گنگو ہیؒ کا ایک، مقولہ نقل کیا ہے: محمدؐ عربی افلاک بالا  پر تشریف لے گئے اور واپس پلٹ آئے ۔ خدا کی قسم اگر میں وہاں جاتا تو کبھی واپس نہ آتا۔


اقبال کے مطابق صوفیانہ شعور اور پیغمبرانہ مشن میں یہ واضح فرق ہے ۔ صوفی کے نزدیک وصال کی لذت آخری منزل ہے لیکن پیغمبرانہ منصب کے لیے عالم انسانیت کو تبدیل کرنا فرض اولین ہے۔ اور یہ منصب نبی ؐ کے بعد ختم نہیں ہو جاتا بلکہ امت کا مقصد وجود ہی اس دعوت کوبنایا گیا ہے۔
محی الدین غازی نے کہا…
طارق صاحب


آپ کے آخری تبصرہ میں نہ تصوف ہے نہ فلسفہ ہے، بھونڈی اورپھوہڑ جیسے خوبصورت الفاظ کا استعمال ہے، اور ایک ایسے کام کی دعوت ہے جو ہم کم فہموں کی سمجھ سے باہر ہے۔ 


ویسے آپ کے علم میں یہ ضرور ہوگا کہ فلسفی اور صوفی بھی داعی ہوتا ہے۔


رہی شدت پسندی تو وہ غلط ہے خواہ مذہبی ہو یا غیر مذہبی۔
محمد فیصل شہزاد نے کہا…
سید سعادت اللہ حسینی صاحب کا یہ جواب نامکمل شایع ہوا ہے۔ اوپر آپ نے جو لنک دیا ہے، وہ بھی کام نہیں کر رہا۔ کوئی اور لنک دیجیے۔
tariqsiddiqi نے کہا…
درجِ ذیل لنک سے سید سعادت اللہ حسینی صاحب کا جواب ڈاونلوڈ کر لیں۔ اوپر کے لنک کی تازی کاری بھی میں نے کر دی ہے:
https://www.dropbox.com/s/y1w3h9voa166k7w/Ek-Daai-se-Mukalma-ka-Jawab-by-SadatHussaini.pdf
Unknown نے کہا…
طارق بھائی
میرے بھائی ! ان بحثو ں سے کیاحاصل ہوگا۔ اگر اس کے بجائے ہم اتنا وقت خدا کا ذکر کرلیتے توبڑا فائدہ ہوتا۔

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

تحقیق کے مسائل

تحقیق ایک اہم علمی فریضہ ہے۔ تحقیق کے ذریعے ہم نامعلوم کا علم حاصل کرتے ہیں۔ غیر محسوس کو محسوس بناتے ہیں۔ جو باتیں پردہ ٔ غیب میں ہوتی ہیں، انہیں منصہ ٔ شہود پر لاتے ہیں تا کہ کسی امر میں یقینی علم ہم کو حاصل ہو، اور اس کی بنیاد پر مزید تحقیق جاری رکھی جا سکے۔تحقیق ایک مسلسل عمل ہے۔ موجودہ دور میں یہ ایک نتیجے تک پہنچنے سے زیادہ ایک طریقے ( تک پہنچنے) کا نام ہے۔نتیجہ خواہ کچھ ہو، موجودہ دور میں اس کے طریقہ ٔ کار یا منہاجیات کو صاف و شفاف بنانا فلسفیانہ طور پر زیادہ ضروری سمجھا جاتا ہے تاکہ زیادہ تر نتائج صحت کے ساتھ محسوسات کے دائرے میں حتی الامکان منتقل ہو سکیں۔ دائرہ تحقیق میں ایک مقدمہ کو نتیجہ میں بدلنے کے طریقے کی جس قدر اصلاح ہوتی جائے گی اسی قدر تحقیق معتبر مانی جائے گی۔ البتہ بعض اوقات یوں بھی ہوتا ہے کہ کسی تحقیق کا طریقہ صحیح نہیں ہو اور نتیجہ بالکل صحیح ہو۔ لیکن اس ناقابل حل مسئلے کے باوجود بہرحال طریقے میں حذف و اضافہ اور اصلاح و تصحیح کی ضرورت ہمیشہ باقی رہتی ہے۔ تحقیق کے عربی لفظ کا مفہوم حق کو ثابت کرنا یا حق کی طرف پھیرنا ہے۔ حق کے معنی سچ کے ہیں۔ مادہ حق سے...

قرآن اور بگ بینگ

ایک بہت طویل عرصے سے اہل اسلام کا مغرب زدہ طبقہ قرآن کی تصدیق جدید ترین سائنسی تحقیقات کی بنیاد پر کرنا چاہتا ہے. اس کی اصل دلیل یہ ہے کہ اگر قرآن خدا کی کتاب نہ ہوتی تو اس میں بیسویں صدی کے سائنسی انکشافات کا ذکر چودہ سو سال پہلے کیونکر ممکن تھا؟ اس سلسلے میں ایک بہت بڑی مثال بگ بینگ کی دی جاتی ہے اور قرآن کی اس آیت کو دلیل بنایا جاتا ہے: اَوَلَمْ يَرَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْٓا اَنَّ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ كَانَتَا رَتْقًا فَفَتَقْنٰهُمَا ۭ وَجَعَلْنَا مِنَ الْمَاۗءِ كُلَّ شَيْءٍ حَيٍّ ۭ اَفَلَا يُؤْمِنُوْنَ کیا کافروں نے نہیں دیکھا کہ آسمان اور زمین دونوں ملے ہوئے تھے تو ہم نے جدا جدا کردیا۔ اور تمام جاندار چیزیں ہم نے پانی

مذہب و تصوف اور فلسفہ و سائنس کا منتہائے مقصود

     یہ کائنات نہ کوئی ڈیزائن ہے اور نہ اس کا کوئی ڈیزائنر۔ اور نہ یہ کائنات عدم ڈیزائن ہے جس کا ڈیزائنر معدوم ہے۔ یہ دونوں بیانات ناقص ہیں۔ ہم بحیثیت انسان بذریعہ حواس خارج میں جو کچھ دیکھتے ہیں وہ دراصل ہماری وجدان کی مشین اور ذہن ہی سے پروسیس ہو کر نکلتا ہے۔ اور وجدان کے اس جھروکے سے نظر آنے والی یہ کائنات ایک ایسی احدیّت کے طور پر ابھرتی ہے جس میں یہ ڈیزائن صرف ایک منظر ہے جس کی شناخت عدم ڈیزائن کے دوسرے منظر سے ہوتی ہے۔ اسی طرح اس کائنات میں منصوبہ بھی ایک منظر ہے جس کی شناخت عدمِ منصوبہ کے دوسرے منظر سے ہوتی ہے۔ کائنات میں چیزیں ایک دوسرے کے بالمقابل ہی شناخت ہوتی ہیں۔ اس لیے یہ کہنا کہ کائنات میں کوئی منصوبہ ہے اس لیے کوئی منصوبہ ساز ہونا چاہیے، یا کائنات بجائے خود کوئی ڈیزائن ہے اس لیے اس کا ڈیزائنر لازماً ہونا چاہیے ناقص خیال ہے۔ اسی طرح یہ کہنا کہ اس کائنات میں عدم ڈیزائن ہے اور اس لیے اس کا کوئی ڈیزائنر نہیں ہے یہ بھی ایک ناقص خیال ہی ہے۔ یہ دونوں بیانات آدھے ادھورے مناظر کی تعمیم کی بنا پر گمراہ کن قیاس کی مثالیں ہیں۔ یاد رہے کہ منصوبہ صرف ایک منظر ہے، یا یوں...