خلیفہ عبدالحکیم اپنی کتاب حکمتِ رومی میں لکھتے ہیں: ’’بعض حکمت کی کتابوں کلیلہ وہ دمنہ، انوار سہیلی، اور ایسپ کے قصوں میں انسانی اخلاق اور میلانات کو جانوروں کے قصے کے طور پر بیان کیا گیا ہے، خود مثنوی میں بھی مولانا نے جبرواختیار کے مسئلے کو شیر اور خرگوش کی بحث میں بڑی بلاغت سے بیان کیا ہے۔ بچے جب یہ حکایتیں پڑھتے ہیں تو اس یقین کے ساتھ پڑھتے ہیں کہ واقعی شیر نے آدمی کی طرح بات کی اور خرگوش یا لومڑی نے آدمی کی طرح جواب دیا۔ اکثر اہل ظاہر علما اس طفولیت کی سطح سے عمر بھر اوپر نہیں اٹھ سکتے:۔ چہل سال عمر عزیزت گزشت مزاج تو از حال طفلی نہ گشت